این آئی اے نے ممبئی میں یورینیم برآمدگی کا معاملہ اپنے ہاتھ لے لیا

پیر 10 مئی 2021 14:11

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2021ء) بھارت کے تحقیقاتی ادارے (این آئی ای) نے کہا ہے کہ اس نے ممبئی میں21 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی سات کلو قدرتی یورینیم کی برآمدگی کا معاملہ اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انسداد دہشت گردی ایجنسی نے وزارت داخلہ کے حکم پرہفتے کے روز ممبئی پولیس سے کیس اپنے ہاتھ میں لیا اور ایٹمی توانائی ایکٹ 1962 کے سیکشن 24 (1) (a) کے کے تحت دوبارہ کیس درج کرلیا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پہلا کیس5 مئی کو ممبئی کے کالاچوکی پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔این آئی اے نے ایک بیان میں کہا کہ یہ معاملہ 7.1 کلو گرام قدرتی یورینیم کی ضبطی سے متعلق ہے جس میں جگر جائیش پانڈیا اورابوطاہر افضل چودھری کے غیر قانونی قبضے سے 21 کروڑ30لاکھ روپے مالیت کی یورینیم برآمد کی گئی ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ کیس کے اندراج کے مطابق اس کی فوری تحقیقات کے لئے قانونی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔