سی پی ایچ جی سی کی جانب سے رمضان کے مقدس مہینے میں راشن کی تقسیم

پیر 10 مئی 2021 17:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2021ء) چائنا پاور حب جنریشن کمپنی (سی پی ایچ جی سی ) نے بلوچستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے مقامی عہدیداروں کے تعاون سے اپنے پلانٹ کے قرب و جوار میں بھوک اور غذائی قلت کے خاتمے کیلئے رضاکارانہ طور پر 200سے زائد خاندانوںمیں راشن بیگز تقسیم کئے۔ واضح رہے کہ حب کے دیہات میں خوراک کی تقسیم سی پی ایچ جی سی کے سی ایس آر اقدامات کا تسلسل ہے جو لسبیلہ میں مستحق افراد کے طرزِ زندگی کو بہتر بنانے کا حصہ ہے۔

یہ راشن بیگز بی پی اے سی کے عہدیداروں کی موجودگی میں سی پی ایچ جی سی کے وفد نے مقامی آبای کے عمائدین کے حوالے کئے۔ ہر بیگ میں کھانے پکانے کیلئے ضروری سامان موجو تھا جن میں آٹا، تیل ، چاول ، چائے اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔

(جاری ہے)

سی پی ایچ جی سی کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے مقامی عمائدین کے نمائدے گل حسن نے کمپنی کے بروقت اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ وقت ہرکسی کیلئے مشکل ہے اور ہفتے کے آخر تک عید ہے ہم رمضان کے اس تحفے پر سی پی ایچ جی سی کے مشکور ہیں۔

راشن بیگز کی تقسیم کے بعد سی پی ایچ جی سی کے چیف ایگزیکٹوآفیسر رین لی ہوئی نے کہا کہ ہم سی پی ایچ جی سی کے پلانٹ کے آس پاس کے دیہات کے مقامی آبادی کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ مستحق افراد کی زندگیوں میں معنی خیز فرق لاسکیں۔ ضرورت کے اس وقت میں جہاں شراکت کی چھوٹی سے چھوٹی چیز بھی اہمیت رکھتی ہے ، تجارتی سرگرمیاں شروع ہونے سے پہلے ہی ہم معاشرے کے کم مراعات یافتہ طبقے کی مدد کرتے رہے ہیں اور اس وبائی مرض کے دوران بھی ہم اپنے پلانٹ کے اردگرد کی کمیونٹی کی مد دکرتے رہے ہیں۔

ی پی ایچ جی سی کا ایک فعال سی ایس آر پروگرام ہے جو اس وبائی مرض کے دوران بھی جاری ہے۔ کمپنی اس سے قبل اسسٹنٹ کمشنر حب کے دفتر میں 1000ڈس انفیکٹنٹس اور 2000ماسک تقسیم کرچکی ہے۔ تعمیراتی مرحلے کے دوران کمپنی نے پائیدار سی ایس آر اقدامات میں حصہ لیا ہے جس نے اس پروگرام سے استفادہ کرنے والے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مدد کی ہے ۔ ان اقدامات میں الانہ گوٹھ میں فلوٹنگ فشر مین جیٹی کی تعمیر، کلین حب سٹی پروگرام ، مقامی طلباء کی تربیت اور پلانٹ میں انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور ضلع لسبیلہ میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں میں امدادی سامان کی فراہمی جیسے اقدامات شامل ہیں۔