خیبرپختونخوا کو ایسٹرازینیکا ویکسین موصول، ویکسینیشن شروع کر دی گئی

63 ہزار ہیلتھ ورکرز اور 3 لاکھ سے زائد شہریوں نے ویکسین لگوا لی، محکمہ صحت خیبرپختونخوا

پیر 10 مئی 2021 21:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2021ء) خیبرپختونخوا میں ہیلتھ کیئر ورکرز اور 40 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن جاری ہے۔ صوبے کو ایسٹرازینیکا ویکسین کی ڈوزز بھی موصول ہو گئی ہیں جس سے شہریوں اور طبی عملے کی ویکسینیشن شروع کر دی گئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق ایسٹرازینیکا ویکسین کی دوسری ڈوز 12 ہفتے کے وقفے سے دی جاتی ہے۔

اس سے قبل سائنو فارم، کین سائنو اور سائنو ویک ویکسین دی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز مجموعی طور پر 16 ہزار 790 شہریوں کی کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کی گئی۔ صوبے میں اب تک 63 ہزار 166 ہیلتھ ورکرز کو پہلی اور 38 ہزار 591 کو دوسری ڈوز دی جا چکی ہے۔ اسی طرح 3 لاکھ 2 ہزار 108 شہری ویکسین کی پہلی اور 76 ہزار 585 دوسری ڈوز لے چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک ڈوز پر مشتمل کین سائنو ویکسین 7974 بزرگ شہریوں کو دی جا چکی ہے۔ پشاور کے مضافاتی علاقوں میں موبائل ویکسینیشن سروس سے شہری بڑی تعداد میں مستفید ہو رہے ہیں۔