کورونا کی تیسری لہر کے باوجود کئی ممالک کیلئے پاکستان کی برآمدات میں بڑا اضافہ ریکارڈ

پیر 10 مئی 2021 23:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2021ء) کورونا کی تیسری لہر کے باوجود کئی ممالک کیلئے پاکستان کی برآمدات میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اپریل میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں کئی ممالک کیلئے برآمدات میں اضافے کی بڑی وجہ اپریل 2020 میں کورونا کے باعث لاک ڈاؤن تھا۔لاک ڈاؤن کی وجہ سے برآمدات بری طرح متاثر ہوئیں تھیں جو 95 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تک محدود ہوکر رہ گئیں تھیں تاہم رواں سال اپریل میں کورونا کی تیسری لہر کے باوجود گزشتہ سال کے اسی عرصے کی نسبت برآمدات 129 اعشاریہ سات چار فیصد اضافے کے بعد 2 ارب 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہیں۔

سرکاری دستاویز کے مطابق اپریل میں جبوتی کیلئے برآمدات میں 40 فیصد، لیتھیانیا کیلئے 38، کینیا کیلئے 19، قطر کیلئے 7 اور عمان کیلئے برآمدات 3 فیصد کم ہوئیں۔

(جاری ہے)

ماہ اپریل میں سالانہ بنیادوں پر امریکا کیلئے برآمدات 256 فیصد، متحدہ عرب امارات کیلئے برآمدات 256 فیصد اضافہ ہوا۔گزشتہ ماہ چین کیلئے برآمدات 153 فیصد بڑھیں اور چین کیلئے برآمدات 20 کروڑ 72 لاکھ ڈالرز رہیں۔برطانیہ کیلئے برآمدات میں 230 فیصد اضافہ ہوا اور برآمدات 20 کروڑ 8 لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ اپریل 2020 میں برطانیہ کیلئے برآمدات 6 کروڑ 9 لاکھ ڈالرز تھیں۔دستاویز کے مطابق اپریل 2021 میں جرمنی کیلئے برآمدات 197 فیصد اضافے کے بعد 12 کروڑ 88 لاکھ ڈالرز رہیں جو کہ گزشتہ سال اپریل میں 4 کروڑ 33 لاکھ ڈالرز تھیں۔