وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری سگیگا کے چارٹر آف ڈیمانڈ منظور کرکے بلدیاتی ملازمین کی ٹریژری کے ذریعے براہ راست تنخواہیں ادا کروائیں، ذوالفقار شاہ

صوبے بھر کے سرکاری ملازمین تالابندی کرکے 25 مئی کو اپنے مطالبات کے حق میں کراچی میں وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے دھرنا دیں گے

پیر 10 مئی 2021 23:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2021ء) آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین و صدر صوبہ سندھ سید ذوالفقار شاہ (کراچی)، سینئر نائب صدر اسمٰعیل شاہ (حیدرآباد)، نائب صدر عبدالجلیل بلوچ (ٹنڈوالہ یار)، شوکت بھررو (گھوٹکی)، جنرل سیکریٹری اکرم راجپوت (حیدرآباد)، ڈپٹی جنرل سیکریٹری علی مردان شیخ (سکھر)، قلندر بخش شاہانی (لاڑکانہ)، جوائنٹ سیکریٹری غلام عباس سہاگ (دادو)، شاہد محمد (ٹھل)، سیکریٹری اطلاعات حاجی عاشق علی زرداری (ٹنڈوالہ یار)، دانش قریشی (سکھر) اور آفس سیکریٹری شوکت علی داؤدپوتا (ڈھرکی) نے کہا ہے کہ سندھ گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (سگیگا) نے 9 مارچ کو وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ اور دیگر سیکریٹریز 13 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ دی تھی جس پر دو یاددہانی کے خطوط بھی لکھے جاچکے ہیں لیکن سندھ حکومت اس سلسلے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ 25 مئی کی ڈیڈلائن قریب آنے کے باوجود تاحال مذاکراتی عمل تک شروع نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

جس سے ان سرکاری محکموں کے ملازمین میں شخت اشتعال اور غصہ پایا جاتا ہے۔ صوبہ پنجاب، کے پی کے اور بلوچستان کی حکومتوں نے 25 فیصد ڈسپیرٹی الائونس دینے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں لیکن صوبہ سندھ کی حکومت نے اس سلسلے میں تاحال کوئی کارروائی نہیں کی۔ نہ ہی ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس دینے کی قانون سازی کی گئی ہے۔ اسی طرح وعدے کے مطابق بلدیاتی ملازمین کی ٹریژری کے ذریعے براہ راست تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ بھی حل نہیں کیا گیا ہے۔

انہوں نے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے، ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس اور واجبات کی فوری ادائیگی، وفاق کی طرز پر 25 فیصد ڈسپیرٹی الائونس، بلدیاتی ملازمین کی براہ راست ٹریژری کے ذریعے تنخواہوں کی ادائیگی، اپ گریڈیشن، ٹائم اسکیل، یوٹیلٹی الائونس، سن کوٹہ، فوتگی کوٹے پر متعلقہ ادارے کو بھرتی کا اختیار، ہائوسنگ اسکیم، سپریم کورٹ کے حکم کے تحت نان کیڈر، او پی ایس، آئوٹ آف ٹرن پروموشن کی واپسی، تمام ملازمین کو ہیلتھ کارڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر کے سرکاری ملازمین تالابندی کرکے 25 مئی کو اپنے مطالبات کے حق میں کراچی میں وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے دھرنا دیں گے۔