بھارت میں کورونا وائرس کے بعد ایک اور خوفناک بیماری نے زور پکڑ لیا

کورونا سے صحت یاب ہونے والے ہزاروں افراد میں بلیک فنگس کی تشخیص، مریضوں کو موت سے بچانے کیلئے ان کی آنکھیں اور جبڑے نکال دیے گئے، بھارتی میڈیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 10 مئی 2021 21:36

بھارت میں کورونا وائرس کے بعد ایک اور خوفناک بیماری نے زور پکڑ لیا
دہلی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 10 مئی 2021) بھارت میں کورونا وائرس کے بعد ایک اور بیماری نے زور پکڑ لیا، کورونا سے صحت یاب ہونے والے ہزاروں افراد میں بلیک فنگس کی تشخیص، مریضوں کو موت سے بچانے کیلئے ان کی آنکھیں اور جبڑے نکال دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بھار تی حکومت ابھی ملک میں کورونا وائرس کی تباہ کن صورتحال پر قابو نہیں پا سکی کہ ایک اور بیماری نے بھارت میں زور پکڑ لیا ہے، جس کی وجہ سے مریضوں کی آنکھیں اور جبڑے نکالنے پڑ گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد میں بلیک فنگس کی تشخیص ہو رہی ہے۔ ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کے شکار افراد کی قوت مدافعت کافی کمزور ہو جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اِن افراد پر بلیک فنگس زیادہ تیزی سے اثر انداز ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں کورونا کو شکست دینے افراد بلیک فنگس یعنی میوکر مائیکوسس نامی بیماری کا شکار ہو رہے ہیں۔

اس بیماری کی وجہ سے لوگوں کی بینائی ختم ہوتی جا رہی ہے اور دیگر سنگین طبی پیچیدگیاں بھی پیدا ہو رہی ہیں، جس کے سبب ان کی موت ہو جاتی ہے۔رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بیلک فنگس میں مبتلا متعدد افراد کی جان بچانے کے لیے ان کی آنکھ نکال دی گئی جبکہ بعض لوگوں کے جبڑے نکالنے پڑے۔بلیک فنگس کا طبی نام میوکر مائیکوسس ہے۔ یہ کوئی متعدی بیماری نہیں ہے۔

یہ ان لوگوں میں زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے جن کی قوت مدافعت کمزور ہوجاتی ہے۔رپورٹ کے مطابق اگر ابتدائی دور میں ہی اینٹی فنگل تھیریپی شروع کردی جائے تو مریض کی جان بچ سکتی ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی ہے، ہمسایہ ممالک نے بھارت کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کر دیں ہیں، جبکہ ملک میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا کے مثبت کیسز کے نئے ریکارڈ بن رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں 15 روز کے دوران دوسری مرتبہ 4 لاکھ سے زائد کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں 4 لاکھ 6 ہزار 628 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جب کہ 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد کورونا کی وجہ سے دم توڑ چکے ہیں۔

بھارت میں عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت نے جہاں وہاں کی عوام کو اپنے لپیٹ میں لیا ہوا ہے وہیں اس وبا سے پیدا ہونے والے بحران کے باعث ڈاکٹرز خود کشیاں کرنے لگے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ڈی ڈبلیو نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ بھارتی دارالحکومت دہلی کے ایک نجی اسپتال میں کورونا مریضوں کا علاج کرنے والے ایک 35 سالہ ڈاکٹر نے گزشتہ دنوں خودکشی کی تھی جو سخت ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت میں ڈاکٹروں کی ایک تنظیم نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ بھارت میں کورونا وبا پھوٹنے کے بعد سے اب تک تقریبا 800 سے زائد ڈاکٹروں موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے ڈاکٹروں پر بہت جسمانی اور اعصابی دباو ہے۔ ڈاکٹرز مسلسل 15، 15 دن ڈیوٹیاں سر انجام دینے میں مجبور ہیں۔