برطانوی حکومت کا ایس اوپیز کے ساتھ 17مئی سے لاک ڈاون میں نرمی کا اعلان

پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ کورونا کیسز، اموات کی تعداد میں کمی اور ویکسین لگنے کے تناسب کو دیکھ کرکیا گیا، 17مئی سے تمام بزنس سینٹر، ہوٹل، ریسٹورنٹ، سینما کھل جائیں گے، اسکولوں میں پکنک منانے کی بھی اجازت ہوگی۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 10 مئی 2021 22:16

برطانوی حکومت کا ایس اوپیز کے ساتھ 17مئی سے لاک ڈاون میں نرمی کا اعلان
لندن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 مئی2021ء) برطانوی حکومت نے کورونا ایس اوپیز کے ساتھ 17مئی سے لاک ڈاون میں نرمی کا اعلان کردیا ہے، پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ کورونا کیسز، اموات کی تعداد میں کمی اور ویکسین لگنے کے تناسب کو دیکھ کرکیا گیا، 17مئی سے تمام بزنس سینٹر، ہوٹل،ریسٹورنٹ، سینما کھول دیئے جائیں گے، اسکولوں میں پکنک منانے کی بھی اجازت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت نے17مئی سے لاک ڈاون میں نرمی کا اعلان کردیا ہے۔ جس کے تحت برطانوی حکومت نے اسکولوں کو پکنک منانے کی اجازت دے دی۔ وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ 17مئی سے تمام بزنس سینٹر، ہوٹل، ریسٹورنٹ، سینما بھی کھول دیئے جائیں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں تازہ ترین اعداد و شمارسے معلوم ہوا ہے کہ 17 مئی سے کورونا پابندیوں کو مزید نرم کرنے سے وباء کے پھیلاؤ کے حوالے سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

پہلی بار ستمبر 2020 کے بعد سے اب انفیکشن کی شرح کم ترین سطح پرآگئی ہے، جبکہ ہسپتالوں میں بھی نئے کیسز میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ اتوار کے روز برطانیہ پچھلے 28 دنوں میں رپورٹ ہونے والے مثبت کیسز میں صرف 2 اموات رپورٹ ہوئیں، جبکہ 1770 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ وزیراعظم بورس نے کہا کہ حکومت نے وائرس پر قابو پایا ہے اور اعدادوشمار کو دیکھ کر پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ کیا۔

برطانیہ میں 35.3 ملین سے زائد افراد کو کورونا ویکسین کی ایک ڈوز لگ چکی ہے، جبکہ 17.6 ملین افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگ چکی ہے۔ دوسری جانب عالمی سطح پر کورونا وائرس کے باعث 15 کروڑ 89 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 33 لاکھ 6 ہزار 746 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔  دنیا بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 13 کروڑ 65لاکھ 17ہزار سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 1 کروڑ 91 لاکھ 45 ہزار سے زائد ہے۔امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی کل تعداد 5 لاکھ 95 ہزار812 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 3 کروڑ 34 لاکھ 76 ہزار 781 متاثر ہیں۔ بھارت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو کروڑ 26 لاکھ 62 ہزار سے زائد ہے اور 2 لاکھ 46 ہزار146افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔