مودی حکومت عالمی سلامتی کیلئے شدید خطرہ بن چکی ہے

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کو یورینیم کی چوری چوری فروخت پر بھارت کو بلیک لسٹ میں ڈالنا چاہیے

منگل 11 مئی 2021 12:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2021ء) بھارتی ریاست مہاراشٹر کی پولیس کی طرف سے کروڑوں روپے مالیت کے سات کلو یورینیم کے ساتھ دو افراد کی گرفتاری سے تصدیق ہو گئی ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت عالمی امن کیلئے شدید خطرہ بن چکی ہے ۔کشمیرمیڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میںکہاگیا ہے کہ جوہری اور دفاعی ماہرین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ ممبئی بھارت میں دو افراد سے برآمد کیاگیا انتہائی خالص 7کلو یورینیم ایٹم بم بنانے کیلئے کافی ہے۔

اس واقعے سے بھارت میںیورینیم جیسے انتہائی تابکار مادے کے تحفظ کے بارے میں سوالات اٹھ گئے ہیں۔ ماہرین نے واضح کیا ہے کہ بھارت میں یورینیم کی چوری کے معاملے پر عالمی برادری کے کمزور ردعمل سے اس کا دوغلا پن ظاہر ہوتا ہے اور اگر مستقبل میں کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آیاتوعالمی برادری بھی اس کی برابر ذمہ دارہو گی ۔

(جاری ہے)

جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے (آئی اے ای ای)کوممبئی میں سات کلو یورینیم کے ساتھ دو افراد کی گرفتاری پر بھارت سے وضاحت طلب کرنی چاہیے کیونکہ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہندو دہشت گرد یورینیم کو ایٹم بم بنانے کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔

انہوں نے زوردیا ہے کہ جب تک بھارت یورینیم کے تحفظ میں خامیوں کو دور نہیں کرتا اسکے جوہری پروگرام کو فوری طورپر بند کردینا چاہیے۔جوہری ہتھیاروںکی سلامتی سے متعلق ایک ماہر نے کہاہے کہ یہ دنیا کو بھارت میں یورینیم کی چوری کے واقعے سے پیدا ہونے والے خطرات سے بچانے کا واحد راستہ ہے۔انھوںنے مزید کہاکہ یہ1994کے بعد سے بھارت میں اعلی معیار کے یورینیم کی چوری کا 11واںواقعہ ہے ۔

ماہرین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت میں یورینیم کی چوری کے واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کرے کیونکہ ماضی میں بھارتی سیاستدان تک یورینیم کی اسمگلنگ میں ملوث پائے گئے ہیں۔انہوںنے مزید کہاکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)جس نے پاکستان کومنی لانڈرنگ جیسے نسبتاًکم سنگین الزامات پر مسلسل اپنی گرے لسٹ میں رکھا ہوا ہے بھارت کو ملک میں یورینیم کی چوری اور خرید و فروخت پربلیک لسٹ میں رکھنا چاہیے ۔