پاکستان کسی کو اڈے اور فوجی اپنی سرزمین پر رکھنے کی اجازت نہیں دے گا

پاکستان جو کرتا ہے اپنے مفاد میں کرتا ہے۔ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 مئی 2021 13:10

پاکستان کسی کو اڈے اور فوجی اپنی سرزمین پر رکھنے کی اجازت نہیں دے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 مئی 2021ء) : وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی کو اڈے اور فوجی اپنی سرزمین پر رکھنے کی اجازت نہیں دے گا۔ پاکستان جو کرتا ہے اپنے مفاد میں کرتا ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے مسجد الاقصیٰ میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے، مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر گولیاں برسانا افسوس ناک ہے، نہتے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، گزشتہ رات ترک وزیر خارجہ نے انہیں فون کیا، فلسطین سےمتعلق پاکستان کا موقف دوٹوک ہے اسی طرح ترکی کا بھی ایک واضح موقف ہے، ہم فلسطین میں جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں،فلسطین کے ایشو پر مسلم امہ کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے، ترک وزیر خارجہ مکہ میں موجود ہیں، وہ فلسطین کی صورتحال پرسعودی حکام سے بات کریں گے۔

(جاری ہے)

عالمی برادری کو چاہیے کہ فلسطین کے مسئلے پر آواز اٹھائے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے افغانستان میں سیز فائر کو ویلکم کیا ہے۔ ہم افغان امن کے ساتھ ہیں کسی ایک دھڑے کے ساتھ نہیں ہیں۔ ہم افغانستان کے ساتھ ہیں اور وہاں امن دیکھنا چاہتے ہیں۔ افغانستان میں تشدد کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان امن و استحکام ہمارے مفاد میں ہے جس کے لیے ہم اقدامات کرتے ہیں۔

ہم افغانستان میں سہولتکاری کا کردار ادا کررہے ہیں۔ آگ تو خود افغانوں نے بجھانی ہے جن کا گھر جل رہا ہے۔ ترکی قطرسمیت دوست ممالک تو اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف کابل گئے اور وہاں کی قیادت سے بات کی۔ کل کے دورے کے بعد افغان امن مذاکراتی عمل آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسکول کی بچیوں کو نشانہ بنانا اسلام میں کوئی گنجائش نہیں، اُمید ہے افغانستان میں ایسے واقعات کا خاتمہ ہوگا۔

ہم امن و استحکام میں افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ افغان حکومت اور افغان طالبان اپنے ملک میں امن کے لیے آگے بڑھیں۔ افغان مل بیٹھ کر اپنے معاملات کو سلجھائیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان یقین دلاتا ہے ہم امن کے عمل کے لیے سہولت کاری کریں گے ہم خود مختار افغانستان دیکھنا چاہتے ہیں، ہمارا ان کے اندرونی معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔ گوادر تیزی سے آگے بڑھے گا، پاکستان کی اہمیت بڑھے گی، یہ ہماری جواکنامک لوکیشن کے لیے بہت اہم ہے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک سیکنڈری سکول کے باہر دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 60 سے زیادہ افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔