شہبازشریف حکومت مخالف تحریک میں مرکزی کردار ادا کریں گے

شہبازشریف کا نواز شریف اور فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ، تینوں قائدین کی جانب سے حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے اہم نکات پر مشاورت کی گئی ، اس دوران عید کے بعد حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی منگل 11 مئی 2021 13:27

شہبازشریف حکومت مخالف تحریک میں مرکزی کردار ادا کریں گے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 مئی 2021ء ) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا سابق وزیراعظم نواز شریف اور حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق تینوں قائدین کی جانب سے حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے اہم نکات پر مشاورت کی گئی ، اور اس دوران عیدکے بعدحکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، شہباز شریف حکومت مخالف تحریک میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان عید کے بعد اپوزیشن اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کریں گے ، پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں اے این پی اور پیپلزپارٹی کو دعوت دینے پر گفتگو کی گئی ، معاملات طے پانے کی صورت میں پیپلزپارٹی اور اے این پی کوپی ڈی ایم اجلاس میں دعوت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر مرکزی رہنماء سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے پی ڈی ایم متحد ہونے کا عندیہ دے دیا ، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سب کو ساتھ لے کر چلیں تو چیزیں بہترہوسکتی ہیں، پی ڈی ایم اب بھی متحد ہوسکتی ہے، بلاول بھٹو عید کے بعد پنجاب کے دورے کریں گے ، پی ڈی ایم کے فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں ، جتنے بھی ضمنی انتخابات ہوئے تمام انتخابات میں اپوزیشن کامیاب ہوئی ، بطور اپوزیشن ہماری کارکردگی بہت بہتر رہی ہے ، پی ڈی ایم اب بھی متحد ہوسکتی ہے تاہم اگر مولانا فضل الرحمان سب کو ساتھ لے کر چلیں تو چیزیں بہتر ہوسکتی ہیں کیوں کہ مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے سربراہ ہیں۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے ، ہمیں عدالت کے فیصلے کے بعد بات نہیں کرنی چاہیے ، عدالتی فیصلوں کے بعد ڈیل کی باتیں نہیں کرنی چاہیے ، مجھے نہیں پتہ کہ شاید میں بھی بلیک لسٹ یا ای سی ایل پر ہوں ، کیوں کہ گزشتہ سال مجھے ایئرپورٹ پر روک دیا گیا تھا اور ایئرپورٹ حکام نے کہا کہ آپ کا نام ای سی ایل پر ہے۔