چیئرمین واپڈا کا تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کا دورہ، کنٹریکٹر کی موبلائزیشن و تعمیراتی کام شروع کرنے کی تیاریوں کا جائزہ

منگل 11 مئی 2021 15:32

چیئرمین واپڈا کا تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کا دورہ، کنٹریکٹر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2021ء) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین ( ریٹائرڈ) نے منگل کے روز تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا۔ ا ±ن کے دورے کا مقصد منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کرنے کے حوالے سے سائٹ پر تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ منصوبے کے سول ورکس کا کنٹریکٹ گزشتہ ہفتے ایوارڈ کیا جاچکا ہے اور اِس پر تعمیراتی کام جولائی میں شروع ہو جائے گا۔

چیئرمین واپڈا نے اپنے دورے میں ٹنل نمبر5 ، پاور ہاﺅس اور سوئچ یارڈ کی سائٹس اور پاور ہاﺅس کی ان ٹیک کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اِس دوران ا ±نہیں کنٹریکٹر کی سائٹ پر موبلائزیشن اور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے مقرر کئے گئے اہداف کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ممبر واٹر واپڈا عبدالظاہر خان درانی ، ممبر پاور واپڈا جمیل اختر ، ایڈوائزر ناصر حنیف ، پراجیکٹ انتظامیہ اور کنسلٹنٹس کے نمائندے بھی اِس دوران موجود تھے۔

(جاری ہے)

اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ واپڈا کا ایک اور اہم منصوبہ ہے جسے کم لاگت پن بجلی پیدا کرنے کی ترجیحی حکمت عملی کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اِس حکمت ِ عملی کا مقصد ملک میں بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پاکستان میں دستیاب پانی کے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سستی اور ماحول دوست پن بجلی کے ذریعے پورا کرنا ہے۔

تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ واپڈا کے 10زیر تعمیر بڑے منصوبوں میں شامل ہے۔ سال 2022 سے 2028-29 کے دوران محض آٹھ سال کی قلیل مدت میں اِن منصوبوں کی مرحلہ وار تکمیل سے نیشنل گرڈ میںنو ہزار میگاواٹ سے زائد پن بجلی شامل ہوگی اور ملک میں پن بجلی کی پیداوار ی صلاحیت دو گنا ہو جائے گی۔ ا ±نہوں نے مزید کہاکہ نیشنل گرڈ میں سستی پن بجلی کے اِس اضافہ سے بجلی کی قیمت میں استحکام آئے گا اور تھرمل بجلی کی پیداوار کے لئے مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار بھی کم ہوگا۔

چیئرمین واپڈا نے تربیلاپانچویں توسیعی منصوبے کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے مقررہ اہداف کو ہر صورت مدِ نظر رکھا جائے، منصوبے کی تعمیر میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر5 پر تعمیر کیا جا رہا ہے منصوبے کا منظور شدہ پی سی ون 807 ملین امریکی ڈالر پرمشتمل ہے۔

عالمی بنک منصوبے کیلئے 390 ملین ڈالر جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک 300 ملین ڈالر مہیا کر رہے ہیں۔ عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے واپڈا پن بجلی منصوبوں کی تعمیر کے لئے مالی معاونت کا تسلسل واپڈا کی مستحکم مالی حالت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ منصوبے کے تین پیداواری یونٹ ہیں ، ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 510 میگاواٹ ہے جبکہ منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگاواٹ ہے۔ منصوبے سے 2024کے وسط میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ یہ ہر سال نیشنل گرڈ کو ایک ارب 34 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی فراہم کرے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت چار ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر چھ ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔