Live Updates

امارات میں اس بار مساجد کے باہر سے جوتے اور قیمتی سامان چوری کے واقعات کم ہوگئے

شارجہ پولیس کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور پولیس پٹرولنگ بڑھانے سے لوگوں نے سُکھ کا سانس لیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 11 مئی 2021 17:38

امارات میں اس بار مساجد کے باہر سے جوتے اور قیمتی سامان چوری کے واقعات ..
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 مئی2021ء) رمضان المبارک کا مہینہ عبادت، قربانی، ایثار اور روحانی سرگرمیوں کا مہینہ ہے۔ اس ماہ مسلمانوں کی بڑی گنتی مساجد میں عبادت میں مصروف نظر آتی ہے اور روزے رکھ کر رب کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ تاہم ان عبادت گزار مسلمانوں کی مصروفیت کا فائدہ اٹھا کر مجرمانہ ذہنیت کے لوگ انہیں نقصان پہنچانے کے درپے رہتے ہیں۔

جن میں مساجد کے باہر سے قیمتی جوتے چُرانا ایک عام بات ہے۔ اس کے علاوہ نمازیوں کی گاڑیوں سے قیمتی سامان چرانے کے واقعات بھی رمضان المبارک میں تراویح کے اوقات میں بڑھ جاتے ہیں۔ اس نوعیت کے واقعات پر قابو پانے کے لیے شارجہ پولیس نے سخت اقدامات کیے ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ سال کی نسبت نمازیوں کی جوتیاں اور قیمتی سامان چوری ہونے کے واقعات کم ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

شارجہ پولیس نے بتایا ہے کہ عام طور پرایسی وارداتیں رات تراویح اور تہجد کی نمازیوں کے وقت کی جاتی تھیں۔ ان وارداتوں کی روک تھام کے لیے شارجہ پولیس نے مساجد کے باہر بڑی تعداد میں کلوز سرکٹ ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں، پولیس پٹرولنگ ٹیموں کی گنتی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکار تعینات کیے، جو مساجد کے باہر مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق اکثر نمازیوں کے جوتے چوری ہونے سے ان بھلے مانسوں کو ننگے پیدل گھر جانا پڑتا ہے۔ تاہم اب ایسے واقعات میں کمی آ گئی ہے۔ اس کے علاوہ روزہ داروں کے ساتھ افطاری کے وقت بھی بڑی وارداتیں ہوتی تھیں جو کسی ریسٹورنٹ میں روزہ افطار کر رہے ہوتے تھے ، اس دوران چوران کی گاڑیوں سے قیمتی سامان چُرا کر بھاگ جاتے تھے۔رمضان المبار ک کے آخری عشرے میں گاڑیوں سے لیڈیز ہینڈ بیگز، زیورات، بٹوے اور موبائل فونز چُرانے کی وارداتیں زیادہ تر سپر مارکیٹس اور شاپنگ مالز کی کار پارکنگ میں ہوتی تھیں۔

تاہم شارجہ پولیس نے اس بار ان جرائم کی شرح پر بہت حد تک قابو پا لیا ہے۔ زیادہ رش والے مقامات پر پولیس اہلکاروں کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ کیونکہ یہ مقامات چوروں کی پسندیدہ جگہ ہوتے ہیں۔ شارجہ میونسپلٹیز کے ساتھ اشتراک کر کے کار پارکنگ ایریاز میں ہیوی لائٹس کی تنصیب کروائی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مساجد میں تہجد اور تراویح کی نمازوں کے دوران اپنا قیمتی سامان گاڑیوں میں چھوڑ کر جانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ 
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات