بورے والا،شہر اور مضافات میں ڈاکو راج قائم،ڈکیتی کی پے در پے وارداتوں نے شہریوں کے اوسان خطا کر دیئے

منگل 11 مئی 2021 17:47

بورے والا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2021ء) شہر اور مضافات میں ڈاکو راج قائم،ڈکیتی کی پے در پے وارداتوں نے شہریوں کے اوسان خطا کر دیئے،ڈکیتی کی دو مزید وارداتوں کے دوران شہریوں سے دو موٹرسائیکلیں،ہزاروں روپے نقدی اور موبائل لوٹ لئے گئے،عید سے قبل ڈاکوئوں کی یلغار سے شہری غیر محفوظ ہو گئے،ڈی پی او وہاڑی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق بورے والا شہر اور اسکے مضافات میں گزشتہ چند روز سے ڈاکو بے لگام ہو چکے ہیں عید کے موقع پر شہری ڈاکوئوں کے نرغے میں آ گئے ہیں ڈکیتی کی دو مزید وارداتیں ہوئی ہیں پہلی واردات میں 5 نامعلوم مسلح ڈاکو تھانہ صدر کی حدود میں لڈن روڈ پر فارم نمبر دو کے قریب موضع بگھڑانہ کے رہائشی غلام مصطفیٰ اور نذیر احمد سے پانچ نامعلوم مسلح ڈاکو ناکہ لگا کر گن پوائنٹ پر ان سے 50 ہزار نقدی،موٹر سائیکل اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے دوسری واردات میں تھانہ فتح شاہ کی حدود نلکا فریدی سٹاپ کے قریب بھی 5 نامعلوم مسلح ڈاکو غفور واہ کے رہائشی عامر بشیر سے اسلحہ کے زور پر 5 ہزار نقدی،موٹر سائیکل اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے ڈکیتی کی ان کے در پے وارداتوں کے بعد شہری شدید خوف میں مبتلا ہیں دن اور رات کے وقت گھروں سے نکلنا محال ہو گیا ہے ان بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہریوں نے ڈی پی او وہاڑی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔