اٹلی کے جزیرے پر ایک روز میں 2 ہزار سے زائد مہاجرین کی آمد

منگل 11 مئی 2021 18:40

روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2021ء) اٹلی کے جھوٹے جزیرے پر پیر کی علی السبح مزید سیکڑوں مہاجرین پہنچے جس کے بعد تقریباً چوبیس گھنٹے میں جزیرے پر پہنچنے والے مہاجرین کی کٴْل تعداد 2 ہزار 100 سے زائد ہوگئی۔ایک ہی روز میں بڑی تعداد میں مہاجرین کے پہنچنے کے بعد سیاسی حلقوں کی جانب سے اطالوی حکومت سے یہ مطالبہ زور پکڑ گیا ہے کہ وہ مہاجرین سے متعلق پالیسیوں کو بہتر کرے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اٹلی کے سرکاری ریڈیو نے کہا کہ مہاجرین کی چار کشتیاں لیمپیسوڈا جزیرے پہنچیں جنہیں اطالوی کوسٹ گارڈ یا کسٹم پولیس کی کشتیوں نے بحفاظت ساحل پر پہنچایا۔ان کشتیوں میں 635 مہاجرین سوار تھے جبکہ اتوار کو ایک ہزار 400 سے زائد مہاجرین جزیرے پر پہنچے تھے۔انسانی اسمگلرز بالخصوص لیبیا اور تیونس میں موجود اسمگلرز اکثر غیر قانونی طور پر بیخبر مہاجرین کی کشتیوں کو یورپی ممالک کی طرف روانہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

لیمپیسوڈا کے مہاجرین ہاؤسنگ سینٹر میں گنجائش ختم ہونے کے بعد کئی مہاجرین گودی میں سونا پڑا جبکہ سیکڑوں کو کورونا ٹیسٹ ہونے تک قرنطینہ کے لیے مسافروں کی کشتی میں منتقل کیا گیا۔پولیس یونین کے عہدیدار نے بیان میں کہا کہ لیمپیسوڈا پر صورتحال واقعی خوفناک ہے اور اتوار سے پیر تک تقریباً 2 ہزار 150 مہاجرین جزیرے پر پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ 'اگر ہم نے ایسے ایک اور دن کا سامنا کیا تو ہمارے لیے عوام اور حفظان صحت کو سنبھالنا ممکن نہیں رہے گا'۔

اتوار کو آنے والے مہاجرین کی تعداد رواں سال ایک دن میں اٹلی کے ساحل پر پہنچنے والے مہاجرین کی سب سے بڑی تعداد ہے۔سمندر کے ذریعے رواں سال اٹلی پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد پہلے ہی گزشتہ دو سالوں میں اس عرصے میں پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد سے کافی زیادہ ہے۔اطالوی وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق 10 مئی 2019 تک ایک ہزار سے زائد افراد سمندر کے ذریعے اٹلی پہنچے تھے، 2020 میں اسی تاریخ تک پہنچنے والوں کی تعداد 4 ہزار 184 تھی جبکہ رواں سال اب تک لگ بھگ 13 ہزار مہاجرین پہنچ چکے ہیں۔جزیرے کے میئر سلواتورے مارتیلو نے اطالوی حکومت سے ایک بار پھر ہنگامی اپیل کی ہے کہ وہ سمندر کے ذریعے آنے والے مہاجرین کے معاملے سے نمٹیں۔