نیب لاہور کا شہبازشریف کی ضمانت کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان

شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات و منی لانڈرنگ کے شواہد کی روشنی میں پٹیشن کی تیاری کا آغاز کر دیا گیا

منگل 11 مئی 2021 20:06

نیب لاہور کا شہبازشریف کی ضمانت کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2021ء) قومی احتساب بیورو( نیب)لاہور نے معزز لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بنچ کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثہ جات و مبینہ منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار شہبازشریف کی ضمانت کاتفصیلی فیصلہ جاری ہونے کے بعد فیصلے میں نظر اندازکئے گئے حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے معزز سپریم کورٹ میں فوری طور پر اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔

ترجمان کے مطابق نیب کی پراسیکیوشن ٹیم نے شہبازشریف کے خلاف ٹرائل کورٹ میں دائر کرپشن ریفرنس نمبر (22/2020) میں پیش کئے گئے آمدن سے زائد اثاثہ جات و منی لانڈرنگ کے شواہد کی روشنی میں آئین و قانون کے مطابق پٹیشن کی تیاری کا آغاز کر دیا ہے۔ترجمان کے مطابق نیب کی جانب سے اس امر کی وضاحت کی جاتی ہے کہ نیب ایک قومی ادارہ ہے جس کے تمام اقدامات آئین و قانون کے مطابق کسی بھی دبا ئوکو خاطر میں لائے بغیر اورملک و قوم کے مفاد میں سر انجام دیئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی واضع ہدایات ہیں کہ نیب میں زیر تحقیقات تمام انکوائریاں و انویسٹی گیشنز کو ناصرف بروقت اور میرٹ کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں بلکہ ٹھوس شواہد پر مبنی ریفرنس معزز احتساب عدالتوں میں دائر کئے جائیں تاکہ بدعنوان عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔