دہشتگرد اور ناجائز ریاست اسرائیل کی اس بربریت پر عالم اسلام سوگ کی کیفیت میں ہے، افضل بٹ

پاکستان بلا تفریق مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے عید کے بعد بھرپور مذمتی تحریک بھی چلائی جائیگی، زمرد خان مسجد اقصیٰ اور نہتے فلسظینیوں پر حملے اور انہیں شہید کرنے کی کوشش اسرائیلی فوج کا مکروہ اور گھنائونا فعل ہے، ندیم احمد خان اسرائیلی فوج کی مسجد اقصیٰ اور نہتے فلسظینیوں پر حملوں پر کچھ لوگوں کی معنی خیز خاموشی افسوسناک ہے، شکیل انجم مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھتے ہوئے مسلمان فلسظینوں پر باقاعدہ منصوبہ بندی سے براہ راست فائرنگ کی گئی، ٹکا خان

منگل 11 مئی 2021 22:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2021ء) خبیب فائونڈیشن کے زیر اہتمام فلسطین میں دہشتگرد ریاست اسرائیل کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین پامالی اور مسجد اقصیٰ پر غاصب اسرائیلی فوج کے دہشتگردانہ حملے اور مظلوم اور نہتے فلسطینی بچوں، مردوں اور عورتوں کو شہید کرنے کے خلاف پاکستان کی سول سوسائٹی تنظیموں اور اداروں کے سربراہان نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد اور ناجائز ریاست اسرائیل کی اس بربریت پر عالم اسلام سوگ کی کیفیت میں ہے، مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھتے ہوئے مسلمان فلسظینوں پر باقاعدہ منصوبہ بندی سے براہ راست فائرنگ کی گئی، اس حوالے سے مسلمان ممالک اور انسانی حقوق کی چمپئن عالمی طاقتوں کی خاموشی قابل افسوس ہے، عید کے بعد اس حوالے سے بھرپور مذمتی تحریک چلائی جائیگی۔

(جاری ہے)

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں خبیب فائونڈیشن کے زیر اہتمام مسجد اقصیٰ پر غاصب اسرائیلی فوج کے دہشتگردانہ حملے اور مظلوم اور نہتے فلسطینی بچوں، مردوں اور عورتوں کو شہید کرنے کے خلاف پاکستان کی سول سوسائٹی تنظیموں کے سربراہان جن میں پاکستان سویٹ ہوم کے زمرد خان، خبیب فائونڈیشن کے چیئرمین ندیم احمد خان، سابق صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، اخبار فروش یونین کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان، سی ڈی اے مزدور یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یاسین، اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری، آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر کاشف چوہدری اور صدر این پی سی شکیل انجم شامل تھے نے فلسطین میں دہشتگرد ریاست اسرائیل کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مسجد اقصی کی بے حرمتی کی اور اسے شہید کرنے کی کوشش کی جسے شیر دل فلسطینیوں نے اپنے جانوں کا نذرانہ دیکر محفوظ رکھا ہے، سابق صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ اسرائیل کی اس مذموم حرکت سے پورا عالم اسلام سوگ کی کیفیت میں ہے، دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی سول سوسائٹی مظبوط ہو رہی ہے، خبیب فائونڈیشن کے چیئرمین ندیم احمد خان نے کہا کہ مسجد اقصیٰ اور نہتے فلسظینیوں پر حملے اور انہیں شہید کرنے کی کوشش اسرائیلی فوج کا مکروہ اور گھنائونا فعل ہے جس کی ہر پاکستانی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے کہا کہ پورا پاکستان بلا تفریق مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے، اس معاملے میں کوئی اپوزیشن ہے نہ حکومت، عید کے بعد اس حوالے سے بھرپور مذمتی تحریک بھی چلائی جائیگی، انہوں نے پاکستانی قوم سے اپیل کی کہ وہ یہ عید اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سادگی سے منائیں، اس موقع پر اخبار فروش یونین کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھتے نہتے فلسطینیوں پر با قاعدہ منصوبہ بندی سے براہ راست فائرنگ کی گئی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ہم صرف بحیثیت مسلمان ہی نہیں بلکہ انسانیت کے ناظے اسرائیل کے اس مذموم فعل کی مذمت کرتے ہیں، اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطین کے اندر اس قدر زیادہ تشدد اور ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے کہ اس کی مثال نہیں ملتی، دنیا بھر کے انصاف پسند حکمرانوں اور عوام کو اس کیخلاف آواز اٹھانا چاہیئے، دنیا بھر کے مسلمانوں گھیرا تنگ کیا جارہاہے، انشاء اللہ فلسطین کی آزاد ریاست کا قیام ضرور عمل میں آئے گا، سی ڈی اے یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ اسلام ممالک اسرائیل کیخلاف آواز اٹھائیں، فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، پاکستان انجمن تاجران کے صدر کاشف چوہدری نے کہا کہ مسلمانوں کے مقدس مقام کی بے حرمتی پر مسلمان ممالک اور انسانی حقوق کی چمپیئن عالمی طاقتوں کی خاموشی قابل افسوس ہے، مسلمان ممالک کو اسرئیل کے اس دہشتگردانہ اقدام کیخلاف آواز بلند کرنی چاہیئے، صدر این پی سی نے تمام شرکائ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب تک پاکستانی قوم کی رگوں میں خون کا ایک بھی قطرہ موجود ہے وہ ناجائز اور دہشتگرد ریاست اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، اسرائیلی فوج کی مسجد اقصیٰ اور نہتے فلسظینیوں پر حملوں پر کچھ لوگوں کی معنی خیز خاموشی افسوسناک ہے، آخر میں پاکستان کے فلسطین کے سفیر کا پیغام سنایا گیا جس میں انہوں نے فلسطین کے مظلوم عوام کا ساتھ دینے پر اپنے مسلمان پاکستانی بھائیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔