راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدرناصر مرزا کا راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی لاگت میں اضافے اور پلان میں تبدیلی پر انکوائری مکمل کرنے کا خیر مقدم

منگل 11 مئی 2021 23:26

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2021ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدرناصر مرزانے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی لاگت میں اضافے اور پلان میں تبدیلی پر انکوائری مکمل کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جن عناصر کو نوازنے کے لیے یہ مبینہ تبدیلیاں کی گئی ہیں ان کے خلاف فوری تادیتی کاروائی کی جائے اور ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور منصوبے کو مزید زیر التوا نہ کیا جائے۔

وزیراعلی کی مشیر فردوس عاشق اعوان کی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ وزیراعظم نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے اس معاملے کو دیکھا ہے اور امید ہے کہ وہ اپنے دور حکومت میں اس منصوبے کو مکمل کر کے پنڈی کے عوام اور تاجربرادری کو تحفہ دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں کہا کہ اگر پہلے ہی چیمبر آف کامرس اور تاجر برادری کو آن بورڈ رکھا جاتا اور پراسیس میں شریک کیا جاتا تو شاہد یہ صورت حال پیش نہ آتی۔

انہوں نے کہا تاجر برادری سمجھتی ہے کہ رنگ روڈ منصوبہ راولپنڈی کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا۔۔یہ راولپنڈی کی ترقی کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے پلیٹ فارم پر ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو آرڈی اے اور کمشنر آفس کے ساتھ رابطہ رکھے اور منصوبے کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے سٹیک ہولڈرز کی تجاویز پر عمل کرائے انہوں نے کہا کہ منصوبے کا اصل مقصد نئی انڈسٹری کا قیام، منڈیوں کی منتقلی، ٹریفک کے مسائل کے حل اور کاٹیج انڈسٹری کا فروغ ہے۔