بیت المقدس میں نمازیوں پر اسرائیلی فوج کی جارحیت قابل مذمت ہے ،مولانا عبدالحق ہاشمی

منگل 11 مئی 2021 23:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2021ء) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ نے بیت المقدس میں نمازیوں پر اسرائیلی فوج کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی ظلم و بریت شرمناک اقدام ہے۔سربراہان اسلامی ممالک اور اوآئی سی کا صرف مذمت کر اکتفاکرنا دانشمندی نہیں بدقسمتی سے مسلم ممالک کے افواج بھی صرف بادشاہوں اور حکمرانوں کی حفاظت ،حکمرانی بچانے پر لگی ہوئی ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔

مسلم حکمرانوں کی بے حسی غفلت وکوتاہی کی وجہ سے آج مسلم عوام دشمن کے حملوں وسازشوں کا شکارہیں ناجائزریاست اسرائیل کے خلاف مسلم حکمران اپنے عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے مذمت سے آگے نکل کر فلسطینی عوام کو اسرائیلی مظالم سے نجات کیلئے عملی اقدامات اُٹھائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عالمی برادری اور بالخصوص عرب ممالک خاموشی ختم کرکے اس گھنائونی حرکت کا نوٹس لیں۔

پاکستان کے غیور عوام اپنے فلسطینی ،افغانی ،شامی، کشمیری بھائیوں کی ہمیشہ حمایت جاری رکھیں گے۔ مسجد اقصیٰ پر حملہ بدترین دہشت گردی ہے۔ ثابت ہوگیا ہے کہ دنیا میں سب سے بڑا دہشت گرد امریکہ اور اس کا بغل بچہ اسرائیل ہے۔ دنیا میں ہونے والی دہشت گردی کے تانے بانے ان کے ساتھ ملتے ہیں ۔حکومت پاکستان اس حوالے سے اوآئی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے ۔

مسلمانوں کے تحفظ کے حوالے سے عرب دنیا اس دینی فریضہ پر متحد ہو۔ امت مسلمہ کی بے حسی کا فائدہ یہود و نصاریٰ اٹھارہے ہیں ۔ ان کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔ حکومت پاکستان کو اس حوالے سے اپناذمہ دارنہ کردار اداکرے۔ قبلہ اول کی حفاظت ہمارے اولین فرائض میں شامل ہے۔ اس حوالے سے رو گردانی ممکن نہیں۔

یہود بیت المقدس سے اسلامی ثقافتی اور تاریخی نقوش مٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کشمیر میں بھارتی مظالم اپنی انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔ انسانی حقوق کے نام نہاد علمبر دار ممالک ،این جی اوز اور دیگر ادارے مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حق میں بات کرنے کو تیار نہیں۔ دنیا کو مسلمانوں کے حوالے سے دوہرے معیار تبدیل کرنے ہوںگے۔ مسلمانوں کے قتل عام پر امریکہ ہی اسرائیل اور بھارت کی سرپرستی کررہا ہے