وزیر اعظم کے تعمیراتی شعبے کے لیے پیکج کے تحت 340 ارب مالیت کے ایک ہزار 83 منصوبے رجسٹر

ایف بی آر میں292 عارضی منصوبے بھی رجسٹر کروائے گئے جن کا تخمینہ 43 ارب روپے لگایا گیا ہے‘رپورٹ

بدھ 12 مئی 2021 13:43

وزیر اعظم کے تعمیراتی شعبے کے لیے پیکج کے تحت 340 ارب مالیت کے ایک ہزار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2021ء) وزیر اعظم کے تعمیراتی شعبے کے لیے پیکج کے تحت فیڈرل بورڈ آف ریو نیو میں 340 ارب روپے مالیت کے ایک ہزار 83 منصوبے رجسٹر کرائے گئے،ان کے علاوہ 292 عارضی منصوبے بھی بورڈ میں رجسٹر کروائے گئے جن کا تخمینہ 43 ارب روپے لگایا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 6 مئی تک 3 ہزار 851 خریداروں نے تعمیراتی شعبے کے لیے اعلان کردہ ٹیکس مراعات حاصل کرنے کے لیے جائیدادیں خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

یہ ٹیکس مراعات حاصل کرنے کے لیے بلڈرز اور ڈیولپرز کو رواں سال 30 جون یا اس سے قبل خود کو ایف بی آر نے ’’'آئرس‘‘سوفٹ ویئر میں رجسٹر کروانا ہوگا جبکہ یہ منصوبے 30 ستمبر 2023 سے قبل مکمل ہوں گے۔دسمبر 2020 تک کے لیے پیش کی جانے والی اس ایمنسٹی اسکیم میں بعد ازاں 6 ماہ کی توسیع کردی گئی تھی تاکہ ان لوگوں کو سہولت فراہم کی جائے جو تعمیراتی منصوبوں میں اس پیسے کی سرمایہ کر سکیں جس پر ٹیکس ادا نہ کیا گیا ہو۔

(جاری ہے)

تعمیراتی شعبے کے لیے فِکس ٹیکس سے فائدہ اٹھانے کے لیے ذرائع آمدن ظاہر نہ کرنے کی سہولت میں جون 2021 اور ایمنسٹی اسکیم میں دسمبر 2021 تک توسیع کردی گئی ہے۔پاکستان شماریات بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں تعمیراتی سرگرمیوں میں طلب بڑھنے اور برآمدات میں اضافے کے باعث سیمنٹ کی پیداوار میں 57.24 فیصد، اسٹیل کے شعبے میں سریے کی پیداوار میں 57.65 فیصد اضافہ ہوا۔

اسی طرح پینٹ اور وارنِش کی پیداوار 76.28 فیصد بڑھی جبکہ دیگر صنعتوں میں بھی پیداوار کا مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔خریداروں کی کیٹیگری کے اعداد و شمار کے مطابق صرف 162 افراد نے بلڈرز اور ڈیولپرز سے 17 ارب روپے کی جائیدادیں خریدنے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایف بی آر میں اپنی رجسٹریشن کرائی۔6 مئی تک جن 3 ہزار 689 افراد نے 25 ارب روپے کی سرمایہ کاری کے لیے اپنے مسودے تیار کیے تھے وہ تیاری کے مختلف مراحل میں ہیں۔ایف بی آر کا کہنا ہے کہ بلڈرز اور ڈیولپرز کے لیے وزیر اعظم کے تعمیراتی پیکج کے بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں۔