مولانا فضل الرحمان کا عید کے بعد ملک گیر مظاہروں کا اعلان

فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ملک گیر مظاہرے کریں گے۔ سربراہ جمیعت علمائے اسلام (ف)

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 12 مئی 2021 13:48

مولانا فضل الرحمان کا عید کے بعد ملک گیر مظاہروں کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 مئی 2021ء) : جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عید الفطر کے بعد ملک گیر مظاہروں کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالمی برادری اسرائیلی دہشتگردی کا نوٹس لے۔ اسرائیل کو اس ذلت آمیز حرکت پر دنیا سے معافی مانگنی چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی چھوٹے چھوٹے بچوں کی قربانی دے رہے ہیں۔ جمیعت علمائے اسلام مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ختم کروائے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ اسرائیل کے فضائی حملوں کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد بے گناہ فلسطینی جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں مسجد اقصی پر حملے قابل مذمت اقدام ہے۔انہوں نے کہاکہ اسرائیلی افواج کی جانب سے فلسطینیوں پر طاقت کے استعمال سے کئی اموات اور افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ ترجمان نے کہاکہ اسرائیلی افواج کے اقدام تمام انسانی بنیادوں اور انسانی حقوق کے قوانین کی نفی کرتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ختم کروائے۔

جبکہ اب سے کچھ دیر قبل وزیراعظم عمران خان نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ " میں پاکستان کا وزیراعظم ہوں اور ہم غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔ انہوں نے " ہم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں" کا بھی پیش ٹیگ استمعال کیا۔وزیراعظم عمران خان نے نامور دانشور نام چومسکی کی پوسٹیں شیئر کی۔