کورونا میں مبتلا ہونیوالے کھلاڑی کو ٹیم سے باہر کردیا جائے گا: بی سی سی آئی

ممبئی میں قرنطینہ ہونے سے پہلے کھلاڑی احتیاط کریں، خود کو سب سے الگ تھلگ رکھیں: بورڈ کی کھلاڑیوں کو ہدایت

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 مئی 2021 13:59

کورونا میں مبتلا ہونیوالے کھلاڑی کو ٹیم سے باہر کردیا جائے گا: بی سی ..
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 مئی 2021ء ) بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے انگلینڈ کے دورے پر جانیوالے کھلاڑیوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی کورونا سے متاثر ہوا تو اس کو ٹیم سے نکال دیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیم کے فزیو یوگیش پرمار نے کھلاڑیوں کو سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی میں قرنطینہ ہونے سے پہلے کھلاڑی احتیاط کریں اور خود کو سب سے الگ تھلگ رکھیں۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی ٹیم 19 مئی سے ممبئی میں بائیو سیکیور ببل میں داخل ہوگی جس کے بعد انگلینڈ پہنچ کر کھلاڑیوں کو 10 روزہ قرنطینہ کرنا ہوگا۔ یوگیش پرمار کے مطابق بائیو سیکیور ببل میں داخلے کے بعد بھارتی کھلاڑیوں، معاون عملے اور ان کے اہلخانہ کے پہلے روز ہی کورونا ٹیسٹ ہوںگے، بی سی سی آئی کھلاڑیوں کے لیے ایک سپیشل بائیو سیکیور ببل تیار کرنا چاہتا ہے کیونکہ دورے پر جارہے 20 کھلاڑی ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں اور کورونا کے معاملے میں سبھی ریاستوں کے حالات مختلف ہیں۔

(جاری ہے)

بی سی سی آئی کھلاڑیوں کو ہدایت جاری کرچکا ہے، کھلاڑیوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ممبئی میں کورونا کا شکار ہونیوالے کسی بھی کھلاڑی کیلئے علیحدہ چارٹرڈ فلائٹ کا انتظام نہیں کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ان کے اہلخانہ کے افراد کی بھی جانچ کی جائے گی، ممبئی سے انگلینڈ روانہ ہونے سے پہلے کھلاڑیوں کے دو ٹیسٹ منفی ہونا ضروری ہیں۔ اس سے یہ پتا لگانے کی کوشش کریںگے کہ بائیو سیکیورببل میں بغیر وائرس کے کھلاڑی آئے ہیں، بورڈ نے کھلاڑیوں سے پرائیوٹ کار اور ہوائی جہاز سے سفر کرنے کی ہدایت دی ہے۔