حکومت کو گھر بھیجنے کی حکمت عملی، فضل الرحمان نے مشاورت شروع کردی

لانگ مارچ کرنےکی صورت میں تیاری کا پلان کیا ہوگا؟ دھرنا دینا ہے تو کتنے روز کیلئے ہوگا؟ کون کتنے لوگوں کو لائے گا؟ تمام پارٹیوں نے استعفے کب دینے ہیں؟ استعفوں کے بعد کیا لائن آف ایکشن ہوگا؟ پی ڈی ایم سربراہ نے اپوزیشن جماعتوں سے پلان مانگ لیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 12 مئی 2021 14:03

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 مئی 2021ء ) حکومت کو گھر بھیجنے کی حکمت عملی کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مشاورت شروع کردی ، مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی ف کی مرکزی شوری کااجلاس23اور24مئی کوطلب کرلیا ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق عیدالفطر کے بعد پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے معاملے پر فضل الرحمان نے پی ڈی ایم اتحاد میں شامل جماعتوں سے تجاویزطلب کرلی ہیں ، فضل الرحمان کی جانب سے تمام جماعتوں کوپی ڈی ایم اجلاس سے قبل پارٹی اجلاس بلانے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو گھربھیجنے کیلئے حکمت عملی کیا ہوگی، تمام جماعتیں اپنی اپنی تجاویز تیار کریں۔

مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم جماعتوں سے تجاویز مانگی ہیں کہ لانگ مارچ کرنےکی صورت میں تیاری کاپلان کیا ہوگا؟ دھرنا دینا ہے تو کتنے روز کیلئے ہوگا ، کون کتنے لوگوں کو لائے گا؟ اس کا بھی پلان دیا جائے ، تمام پارٹیوں نے استعفے کب دینے ہیں؟ استعفوں کے بعد کیا لائن آف ایکشن ہوگا؟۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا سابق وزیراعظم نواز شریف اور حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ، میڈیا ذرائع کے مطابق تینوں قائدین کی جانب سے حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے اہم نکات پر مشاورت کی گئی ، اور اس دوران عیدکے بعدحکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، شہباز شریف حکومت مخالف تحریک میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان عید کے بعد اپوزیشن اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کریں گے ، پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں اے این پی اور پیپلزپارٹی کو دعوت دینے پر گفتگو کی گئی ، معاملات طے پانے کی صورت میں پیپلزپارٹی اور اے این پی کوپی ڈی ایم اجلاس میں دعوت دی جائے گی۔