یوسف تاریگامی کا کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ

بدھ 12 مئی 2021 14:49

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کمیونست پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ (سی پی آئی ایم) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کورونا وبا کے پھیلائو میں تیزی کے پیش نظر مختلف جیلوں میں نظربند کشمیر ی سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یوسف تاریگامی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کورونا وبا کے پھیلائو میں تیزی سے جیلوں میں نظربندقیدیوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے لہذابھارتی حکومت کو انہیں انسانی بنیادوں پر رہا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ اس مشکل گھڑی میں تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی سے ان کے اہلخانہ کی مشکلات بھی ختم ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال ایک بدترین انسانی بحران ہے اور حکومت کودرگزر سے کام لینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

تاریگامی نے جیلوں میں رش کو کم کرنے کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کا بھی حوالہ دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اورمقبوضہ جموںوکشمیر کی مختلف جیلوں میںسالہاسال سے نوجوانوں سمیت سینکڑوں کشمیری نظربند ہیں جن میں سے کچھ کئی سالوں سے مسلسل سلاخوں کے پیچھے ہیں اور سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں ان کے کیسوں کااز سرنو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔