اقوام متحدہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری قتل وغارت کا نوٹس لی: ماس موومنٹ

بدھ 12 مئی 2021 14:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2021ء) جموں و کشمیر ماس موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید میر نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زوردیاہے کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری قتل وغارت اور ظلم وستم کا نوٹس لیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق عبدالمجید میر نے حال ہی میںبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہیدہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ قتل وغارت اور تباہی کا جاری سلسلہ مودی حکومت کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے جس کا مقصد مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرناہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کیلئے کشمیری عوام کے عزم سے بھارت بوکھلا ہٹ کا شکار ہو گیاہے اور اس نے کشمیریوں کو جدوجہد آزادی سے دستبردارکرانے کیلئے سفاکانہ پالیسی اپنارکھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیرکو بدترین قتل گاہ میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں قابض فورسز کھلے عام کشمیریوں کاخون بہارہی ہیں۔ عبدالمجید میر نے کہاکہ کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب کشمیریوں کو ان کے مادر وطن پر غیر قانونی قبضے کے خلاف مزاحمت کرنے پر نشانہ نہ بنایا جاتا ہو۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر یوں کی تیسری نسل آزادی کی جنگ میں اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہی ہے۔مقبوضہ جموںو کشمیر کا کوئی گھر ایسا نہیں جس نے جدو جہد آزادی میں قربانیاں نہ دی ہوں۔انہوں نے کہاکہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر آزاد فضائوں میں سانس لیں گے اور اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزار سکیں گے۔