مقبوضہ جموںوکشمیر: شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی

بدھ 12 مئی 2021 14:49

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز لیگ کا ایک وفد کوکر ناگ میں شہیدہونے والے نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لئے ان کے گھر گیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق وفد میںریاض احمد، سجاد احمد، فیاض احمداور عامراحمد شامل تھے۔ وفدنے اس موقع پر کہا کہ عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی،بے حسی اور لاتعلقی مقبوضہ علاقے میں جاری خونریزی کی واحد وجہ ہے۔

وفد نے شہید نوجوانوںکوزبردست خراج عقیدت پیش کیا اورلواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔دریں اثناء جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے ترجمان سیار احمد نے اسلام آباد کی ممتاز شخصیت اور صحافی عشرت حسین کے والد محمد حسین شاہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا مرحوم تحریک آزادی کشمیر کے زبردست حامی تھے۔ انہوںنے مرحوم کے لئے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

ادھرجموں و کشمیر پولیٹکل ریزسٹس موومنٹ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصعب کی سربراہی میں ایک اور وفدکوکرناگ میں شہید ہونے والے نوجوان عبید شاہ کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لئے بٹہ مالو سرینگر میں ان کے گھر گیا۔ وفد میں اعجازالحق اور احمد فیصل بھی شامل تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مصعب نے کہاکہ بھارت ظلم وستم سے کشمیریوں کو حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہدسے روک نہیں سکتا۔ انہوںنے کہاکہ اوچھے ہتھکنڈوں سے آزادی کے لئے حریت پسند کشمیری قیادت اور عوام کے عزم کو توڑا نہیں جاسکتا۔ وفد نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اپنی منظورشدہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لئے فوری مداخلت کرے۔