اسرائیل کی بڑھتی ہوئی بربریت پر عالم اسلام کے سکوت کو مجرمانہ خاموشی کے سوا کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا‘راجہ مشتاق احمد منہاس

بدھ 12 مئی 2021 14:49

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر وزیر اطلاعات ،سیاحت ،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے غزہ پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوے اسے بدترین جارحیت قرار دیا ہے۔اپنے خصوصی بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسرائیل کی بڑھتی ہوئی بربریت پر عالم اسلام کے سکوت کو مجرمانہ خاموشی کے سوا کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں کے خلاف اسرائیل کے وحشیانہ اقدامات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے ،شہری آبادی پر حملہ کر کے بے گناہ افراد اور معصوم بچوں کو نشانہ بنانا جنگی قوانین کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے جس پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایمان کی دولت سے مالا،مال فلسطینی غیرت و حمیت کا وہ پہاڑ ہیں جن سے ٹکرانے والا پاش پاش ہو کر رہے گا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان عید کی تیاریاں کر رہے ہیں جبکہ فلسطینیوں کے گھروں میں بچوں اور نوجوانوں کی لاشیں پڑی ہیں۔انہوں نے عالمی برادری خاص کر اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور اسرائیل کو ننگی جارحیت سے باز رکھنے کیلیے عملی اقدامات کرے۔