پاکستان مسلم لیگ ن نے جاوید ہاشمی کے بیان سے لا تعلقی کا اظہار کر دیا

جاوید ہاشمی کا قومی ادارے کے بارے میں بیان ان کی ذاتی رائے ہے - وہ پارٹی پالیسی کی ترجمانی نہیں کرتے،ترجمان ن لیگ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 12 مئی 2021 15:40

پاکستان مسلم لیگ ن نے جاوید ہاشمی کے بیان سے لا تعلقی کا اظہار کر دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 مئی 2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن نے جاوید ہاشمی کے فوج سےمتعلق بیان کو ذاتی قرار دیا۔تفصیلات کے مطابق ن لیگ میں واپسی کرنے والے رہنما جاوید ہاشمی کے بیانات سے پارٹی نے لاتعلقی کا اظہار کر دیا،ترجمان پارٹی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا گیا کہ جاوید ہاشمی کا قومی ادارے کے بارے میں بیان ان کی ذاتی رائے ہے - وہ پارٹی پالیسی کی ترجمانی نہیں کرتے - مسلم لیگ ن آئینی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے اور اُمید کرتی ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر ملک کو مظبوط بنانے کے لئے کام کریں۔

قبل ازیں سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ا سٹیٹ بینک عوام کی جیب ہوتی ہے جسے آئی ایم ایف کے حوالے کیا جا رہا ہے ،ملک میں مہنگائی کا سیلاب آئے گا،لوگ خود کشیوں پر مجبور ہوں گے جبکہ عمران خان فقیر بادشاہ بنے ہوئے ہیں ،محترمہ بے نظیر بھٹو کو ڈیلنگ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے یہ زہریلا گھونٹ پیا جس سے ان کی پارٹی کی سیاسی موت ہوئی اور وہ سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی ،زرداری ا س بات کا ادراک کریں حالات اب بھی ویسے ہی ہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی حکومت بلدیاتی اداروں کے حق میں نہیں ہے،ہمارا مطالبہ ہے کہ نئے قومی الیکشن کروائے جائیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں کی سیاسی و سماجی شخصیات سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چوہدری خلیل احمد گھمن،عابد خان پاندہ،حسنین اکرم جوگی،محمد عارف سعید ،قاسم ہاشمی بھی موجود تھے۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک ہمارے ملک کی عوام کی جیب ہے اب آئی ایم ایف کو یہ حق بھی دے دیا گیا ہے کہ وہ ہماری جیب بھی استعمال کریں جبکہ اس کی نگرانی کرنے والے صرف تنخواہیں وصول کرتے رہیں،سب اسی کے رحم وکرم پر ہوں گے ،ملک میں مہنگائی کا ایک سیلاب امڈ آئے گا جس سے لوگ خودکشیوں پر مجبور ہوں گے جہاں تک حکومت کا تعلق ہے تو عمران خان فقیر بادشاہ بنے ہوئے ہیں جو حملہ ہوتو کہتا ہے کہ مجھے حلوہ بنا کر کھلایا جائے ۔