اذان سمیع خان کے نئے گیت 'تو' کی میوزک ویڈیو کی پہلی جھلک جاری۔

بدھ 12 مئی 2021 18:52

اذان سمیع خان کے نئے گیت 'تو' کی میوزک ویڈیو کی پہلی جھلک جاری۔
مانگا منڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2021ء) اذان سمیع خان کے نئے گیت 'تو' کی میوزک ویڈیو کی پہلی جھلک جاری،اذان سمیع خان کے نئے گیت 'تو' کی میوزک ویڈیو ریلیز سے چند دنوں کی دوری پر ہے۔ ویڈیو میں کیا کچھ ہوگا، گلوکار و موسیقار اذان سمیع خان نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ویڈیو ریلیز سے قبل اپنے مداحوں کو اشارہ بھی دے دیا ہے۔ گانے کی پہلی جھلک رومانس اور ایکشن کا بھرپور امتزاج لگ رہی ہے۔

ویڈیو میں معروف اداکارہ ماہرہ خان بھی جلوہ گر ہوئی ہیں۔ویڈیو ریلیز سے قبل پیش کیا گیا ٹیزر کسی فلم کے ٹریلر سے کم نہیں، گانے کے بول اور دھن کیا ہوگی ٹیزر نے اب بھی مداحوں کو تجسس میں ڈالا ہوا ہے۔ البتہ منفرد اور دلچسپ مناظر شائقین کو اپنی جانب متوجہ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسپیشل افیکٹس اور قابل دید اینیمیشن ماہرہ اور اذان کی آن اسکرین جوڑی کی کیمسٹری کو مزید اجاگر کررہی ہے۔

تیز رفتاری سے نظروں سے گزرتی ہوئی ویڈیو کی پہلی جھلک اور پس منظر میں بجتی منفرد دھن شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے اذان سمیع نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے ماہرہ خان کو ٹیگ کرتے ہوئے 'تو' کے عنوان سے 'عید پر ملاقات ہوگی' کے کیپشن کے ساتھ ایک اینمیٹڈ کلپ بھی پوسٹ کیا تھا۔ جس کے بعد شائقین گانے کی ویڈیو جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب تھے۔

اذان سمیع خان نے رواں سال ہی گائیکی کی دنیا میں قدم رکھا ہے اور بحیثیت گیتوں کے لکھاری میوزک انڈسڑی میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ ساتھ ہی اذان نے اپنے پہلے میوزک البم کے ذریعے ماہیا، ڈھولنا، میں تیرا، جادوگری، عاشقی، ایک لمحہ، میری سجنا فیٹ استاد راحت فتح علی خان، زمہ اور تو نامی 9 گیت اپنے مداحوں کی نذر کرنے کا ارادہ کیا ہے۔ گیتوں کے لائیو اور ریمکس ورژنز بھی مداحوں کے لیے تحفہ ہونگے۔

اذان کا ریلیز کردہ پہلا گیت 'میں تیرا' اب تک فینز میں مقبول ہے۔ یوٹیوب پر گانے کی ویڈیو کو پچاس لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں۔ 'تو' کی میوزک ویڈیو کے ڈائریکٹر حسان داور ہیں اور ویڈیو اس عیدالفطر پر ریلیز کے لیے تیار ہے۔ ویڈیو کا ٹیزر اذان سمیع کے انسٹاگرام اکاؤنٹ اور ہم میوزک کے یوٹیوب پیج پر دیکھا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :