امت مسلمہ اورپوری قوم فلسطین کے نہتے شہریوں پر اسرائیلی ظلم و جبر اورمسلم حکمرانوں کی خاموشی کیخلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائے ،مولانا حامد الحق حقانی

بدھ 12 مئی 2021 20:31

اکوڑہ خٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2021ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں رمضان المبارک کی عبادات میں مشغول پرامن فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیل کے وحشیانہ بمباری اور ظلم و جبر اوراس کے نتیجے میں مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی پر نہایت دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔

مولانا حامد الحق حقانی نے امت مسلمہ اور پاکستانی قوم سے جمعة المبارک کو یوم یکجہتی بیت المقدس و فلسطین منانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ تمام علماء کرام ،خطباء کرام ،مسلک و فرقہ اور سیاسی پارٹیوں سے بالاتر ہوکر منبر ومحراب سے پوری دنیا تک اپنی آواز پہنچائے اور پرامن احتجاج ریکارڈ کروائے۔

(جاری ہے)

القدس شریف اور اس مقدس خطہ پر صرف مسلمانوں کا ہی حق بنتا ہے۔

اسرائیل مقدس مقامات کو جبری قبضہ کرنے سے باز رہے۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔مولانا حقانی نے قوم کو یاد دلاتے ہوئے کہاکہ ہمارے والد شہید اسلام ،شہید پاکستان ، شہید ناموس رسالت? شیخ الحدیث حضرت مولانا سمیع الحق صاحب کی قربانیوں اور جدوجہد کو نہ بھولیں اور ان کو اپنی رمضان المبارک کی عبادات اور دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں۔ مولانا حقانی نے امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کو عید کی آمد پر مبارکباد پیش کی۔