سابق ایرانی صدر احمدی نژاد صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل ہوگئے

بدھ 12 مئی 2021 20:31

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2021ء) سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد ایک بار پھر صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا اور مغربی طاقتوں کے حوالے سے سخت گیر موقف رکھنے والے سابق ایرانی صدر احمدی نژاد نے آئندہ صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ۔خیال رہے کہ ایران میں نئے صدارتی انتخابات جون 2021 میں ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 64 سالہ احمدی نژاد 2005 سے 2013 تک دو بار ایران کے صدر رہ چکے ہیں ، 2017 میں ہونے والے انتخابات میں انہیں نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔ یہ انتخابات ایسے وقت ہونے جارہے ہیں جب عالمی طاقتوں کے ساتھ ایران کا جوہری معاہدہ غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہے جبکہ اعتدال پسند سمجھے جانے والے موجودہ ایرانی صدر حسن روحانی مسلسل دو بار منتخب ہونے کے باعث اس مرتبہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے۔