دنیا میں ای کامرس کی سب سے بڑی ویب سائٹ ایمازون کی منظور شدہ سیلرز لسٹ میں پاکستان کی شمولیت ایک بڑی کامیابی ہے، فراز الرحمن

بدھ 12 مئی 2021 20:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2021ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کے سابق سینئر نائب صدر اور کے بی جی کے چیف ترجمان فراز الرحمن نے کہا ہے کہ دنیا میں ای کامرس کی سب سے بڑی ویب سائٹ ایمازون کی منظور شدہ سیلرز لسٹ میں پاکستان کی شمولیت ایک بڑی کامیابی ہے۔اس فیصلے سے مہنگا ایکسپورٹ سیٹ اپ نہ رکھنے والے چھوٹے کاروبار، نوجوانوں اور خواتین بھی.برآمدات کے قابل ہو جائیں گی جس سے انہیں با اختیار بنانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈوآدم میں پاپولر سیکورٹی کے سی ای او ملک جبار کی جانب سے رہائش گاہ پر منعقدہ دعوت افطار کے موقع پر کیا۔فراز الرحمن کا کہنا تھا کہ ایمازون کی سیلرز لسٹ میں پاکستان کی شمولیت سے ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری اور روزگار کے لاکھوں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس تاریخ ساز فیصلہ سے ملکی تجارت میں زبردست تبدیلی آئے گی۔ افطار ڈنر میں جاوید قریشی، خالد بیگ، سعید قریشی، ڈاکٹر منیر رند، ڈاکٹر ناصر سومرو، حیات خان اور دیگر نے بھی شرکت کی۔