Live Updates

پی ڈی ایم عید کے بعدحکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرے گی : رانا ثناء اللہ

بدھ 12 مئی 2021 21:02

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم عید کے بعدحکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرے گی ،شہباز شریف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے،نواز شریف علاج مکمل ہونے پر ملک واپس آئیں گے،اپوزیشن کے خلاف تمام کیسز زمین بوس ہوئے ہیں،حدیبیہ پیپر ملز کی تحقیقات پر حکومت رسوا ہوگی،نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی جانب سے طاقت کا استعمال حقوق انسانی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوارورکن قومی اسمبلی چوہدری افتخار نذیر اور ایم پی اے حاجی عطاء الرحمن کے والد حاجی نذیر احمد کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدر عبدالرحمن کانجو ضلع خانیوال کے صدر چوہدری ضیاء الرحمن ،رانا محمد سلیم حنیف دیگر بھی موجود تھے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عید الفطر کے بعد حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلے میںمولانا فضل الرحمن عید کے بعد پاکستان ڈیموکڑیٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )کا اجلاس طلب کریں گے جس میں تمام جماعتوںکے قائدین شرکت کریں گے اجلاس میںحکومت کو گھر بھجوانے کیلئے اہم معاملات پر مشاورت کی جائے گی۔انہوں نے کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے اپوزیشن کے خلاف حکومت کا بیانیہ زمین بوس ہو گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں فلسطینی مسلمانوں پر پابندیاں اور مسجد اقصیٰ پر حملے ایک ظالمانہ عمل ہیں ،اسرائیل کی جانب سے طاقت کا استعمال انسانی اقدار،عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ،تمام اسلامی ممالک عالمی برادری پر دبائو ڈالیں کہ نہتے فلسطینی مسلمانوں کے خلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال بند کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ڈی ایم میں کوئی اختلافات نہیں ہیںپی ڈی ایم میں اختلاف صرف لانگ مارچ کے حوالے سے تھا ۔

انہوں نے کہا کہ حدیبیہ پیپر ملزتحقیقات سیاسی بنیادوں پر شروع کی گئی ہے یہ گڑھے مردے اکھاڑنے کے سوا کچھ نہیں ہے حکومت کو اس معاملے میں رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا، مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ کے خلاف تمام کیسز زمین بوس ہو چکے ہیں،اپوزیشن لیڈر کو ہر صورت رگڑا لگانے کی عمران خان کی ضد حسرت بن کر رہ جائے گی ۔سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا ،سی پیک جیسا منصوبہ لے کر آئے جبکہ موجودہ حکمران سعودی عرب سے خیرات اور فطرانہ لے کر آئے،عوام کو سہانے خواب دکھا کر اقتدار میں آنے والوں نے مرغیاں،کٹے اور انڈوں کے علاوہ کوئی منصوبہ نہیںدیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میاں نوز شریف اس حکومت کی اجازت سے ہی بیرون ملک گئے ہیں عمران خان کی کابینہ نے ہی میاں صاحب کو جانے کی اجازت دی تھی حکومت سات ارب روپے کی گارنٹی مانگ رہی تھی جسے عدالت نے غیر قانونی قرار دیا تھا،نواز شریف حکومت اور عدالت کی اجازت سے باہر گئے ہیں،شاہ محمو قریشی میاں شہباز شریف کی جانب سے دی گئی گارنٹی پڑھ لیں نواز شریف علاج مکمل ہونے پر پاکستان واپس آئیں گی
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات