احتساب سب کا ہونا چاہیے ہم بھی حاضر ہیں آپ بھی تیار رہیں ‘ حسن مرتضیٰ

حکومتی پالیسیاں کسانوں محنت کشوں اور ملازمت پیشہ افراد کے لیے وبال جان بنتی جارہی ہیں

بدھ 12 مئی 2021 21:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2021ء) پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ نااہل حکمران غربت کی بجائے غریب کو ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں ہیں ،حکومتی پالیسیاں کسانوں محنت کشوں اور ملازمت پیشہ افراد کے لیے وبال جان بنتی جارہی ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے محکوم و مظلوم طبقے مزدور کا کوئی پرسان حال نہیں،پیپلز پارٹی اور بھٹو شہید نے لیبر پالیسی دی،سوشل سیکورٹی کا ادارہ اور ہسپتال بنائے،افسوس اور شرم کا مقام ہے کہ آج ان اداروں کو ختم کیا جا رہا ہے ہے،پنجاب میں سوشل سیکورٹی ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کی بجائے ڈی گریڈ کیا جا رہا ہے ،ہسپتالوں کو ڈسپنسریوں میں بدلاجارہا ہے اور سٹاف کم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وسیم اکرم پلس نے بہاولپور کا ہسپتال بند کر کے اپنے حلقے میں شاندار ہسپتال بنا لیا،ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ کے ہسپتال کو بند کر دیا گیا یہی حال رحیم یار خان،جھنگ،ساہیوال اور دیگر اضلاع کا ہے ،چنیوٹ کے ایک لاکھ سے زائد محنت کشوں کے لئے ڈسپنسری ہے نہ دفتر جہاں وہ اپنی رجسٹریشن کروا سکیں،سوشل سیکورٹی اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کو کسی فیکٹری میں داخل ہونے کا اختیار تک نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے پوری قوم کو بھکاری بنا کر رکھ دیا ہے مزدور ختم اور فطرانے کی چاول اکھٹے کیے جا رہے ہیں،حکمران قوم کے مجرم ہیں انہیں احتساب کے کٹہرے میں آنا پڑے گا۔حسن مرتضی نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کو احتساب کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے ،احتساب سب کا ہونا چاہیے ہم بھی حاضر ہیں آپ بھی تیار رہیں ،وہ وقت دور نہیں۔