لاہور پریس کلب کے ممبران کیلئے اہم خبر

17مئی ،سوموار سے لاہور پریس کلب میں کروناویکسی نیشن کیمپ کا آغاز

بدھ 12 مئی 2021 21:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2021ء) لاہور پریس کلب نے اپنے ممبران اور ان کے اہل خانہ کو کرونا وباء سے محفوظ رکھنے کیلئے ویکسی نیشن کروانے کا اہتمام کیاہے۔ویکسی نیشن کا سلسلہ17 مئی بروز پیر سے شروع کر دیا جائے گا۔لاہور پریس کلب میں ویکسی نیشن سینٹر کے قیام اور انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر لاہور کیپٹن ( ر ) عثمان یونس اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے پریس کلب کا دورہ کیا اس موقع پر طے پایا کہ ویکسی نیشن کا عمل 17 مئی سے شروع کردیا جائے گا جس میں کلب ممبران ، انکی اہلیہ اور 40 سال سے زائد عمر کے اہل خانہ شریک ہوں گے۔

صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور گورننگ باڈی کے ممبران نے اس موقع پر اس بات پر بھی اتفاق رائے کیا کہ ویکسی نیشن کیلئے روزانہ کی بنیاد پر رجسٹریشن کروانے کیلئے 16 مئی بروز اتوار سے لاہور پریس کلب میں کائونٹر قائم کر دیا جائے گا، ہر ممبر ویکسی نیشن کیلئے خود اور اپنے اہل خانہ کو کائونٹر پر رجسٹر کروائے گا۔

(جاری ہے)

لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے صحافیوں کی ترجیحی بنیادوں پر ویکسی نیشن کے اقدام پر وزیراعلی سردارعثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ صحافی کرونا وباء کے خلاف آگاہی مہم میں فرنٹ لائن سولجر کا کردار ادا کر رہے ہیں ، وزیراعلی پنجاب نے صحافیوں اوران کے اہلخانہ کو وباء سے محفوظ رکھنے کے لئے لاہور پریس کلب کی درخواست پر مثبت ردعمل کا اظہارکرکے لائق تحسین اقدام کیاہے۔

صدر لاہور پریس کلب نے ممبران سے درخواست کی کہ وہ کرونا وہاء سے بچائو کیلئے جلد از جلد اپنی اور اپنے اہل خانہ کی ویکسی نیشن کروائیں۔ کمشنر لاہور نے اس موقع پر یقین دہانی کروائی کہ لاہور پریس کلب کے تمام ممبران اور انکے اہل خانہ کی مکمل ویکسی نیشن تک لاہور پریس کلب ویکسی نیشن سینٹر فعال رہے گا۔ کمشنر لاہور کے دورہ کے موقع پر سینئر نائب صدر جاوید فاروقی، سیکرٹری زاہد چوہدری ، جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر اور سینئر صحافیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی

متعلقہ عنوان :