عوام عید کی تعطیلات پر گھروں پر رہیں اور لاک ڈان کی خلاف ورزی نہ کریں، جام اکرام اللہ دھاریجو

بدھ 12 مئی 2021 22:22

کراچی۔12مئی  (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔12مئی 2021ء ) :صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ عوام اور تاجر برادری کے تعاون سے ہی لاک ڈائون کو کامیاب بنایا جاسکتا ہے۔ ہم گھروں پر رہ کر ہی کورونا وائرس سے احسن طریقے سے خود کو بچا  سکتے ہیں۔جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے گذشتہ رات لاک ڈائون میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو مانٹیر کرنے کے لئے ضلع سائوتھ کی مارکیٹوں کے اچانک دورے کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے  کہی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی سخت ہدایات ہیں کہ لاک ڈائون کو ہر صورت میں موثر بنایا جائے۔ اس موقع پرصوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنید اقبال خان اور اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے زم زما، تین تلوار ، زینب مارکیٹ، برنس روڈ، صدر، آرام باغ ، کھارادر سمیت کلفٹن کی مارکیٹس کا دورہ کیا۔

جام اکرام اللہ دھاریجو نے لاک ڈائون کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مذید کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاک ڈاون صورتحال پر سختی سے پابندی کروارہی ہے اور خوشی کی بات ہے کہ عوام بھی تعاون کررہے ہیں تاہم لاک ڈان کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ لاک ڈائون سخت فیصلہ ہے لیکن عوامی مفاد میں ہے۔

انسانی زندگیاں محفوظ رکھنے اور وائرس کے پھیلا کو روکنے کے لئے لاک ڈائون کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں تھا۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ عید کی تعطیلات میں اپنے گھروں میں رہ کر اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کو محفوظ رکھیں۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی  جام اکرام اللہ دھاریجو نے عوام اور تاجر برادری سے  قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کی بھی  درخواست کی اور کہا کہ عوامی تعاون کی مدد سے ہی حکومت اپنے مقصد میں کامیاب ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :