جن لوگوں کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ہونا چاہیے وہ شہباز شریف کی بابت بات کررہے ہیں، رانا ثناء اللہ

بدھ 12 مئی 2021 23:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2021ء) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ جن لوگوں کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ہونا چاہیے وہ شہباز شریف کی بابت بات کررہے ہیں۔رانا ثنا اللّٰہ نے وفاقی وزیر شیخ رشید اور معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ جن کے نام ای سی ایل پرہونے چاہئیں وہ شہباز شریف کا نام ڈالنے کی بات کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

رانا ثنا اللّٰہ نے دونوں کو مشورہ دیا کہ وہ شہباز شریف اور نواز شریف کو چھوڑیں، کمیشن خور فطرانہ اور زکوٰةکے پیسے گنیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف کو چھوڑیں چاولوں کی خیراتی بوریاں گنیں۔ن لیگ پنجاب کے صدر نے کہا کہ دونوں ’’ش‘‘ روز چیں چیں اور کائیں کائیں کرنے کے بجائے عدالت جائیں۔اٴْن کا کہنا تھاکہ آشیانہ، صاف پانی، 56 کمپنیاں، آمدن سے زائد اثاثوں میں منہ کالا ہونے پر حدیبیہ کیس یاد آگیا ہے۔رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ حدیبیہ کیس میں سپریم کورٹ نظرثانی کی اپیل مسترد کرچکی ہے۔