بھیا رکشے والے میری فلم کا پوسٹر تو لگا دو

بالی وڈ سپراسٹار عامر خان کی فلم کے پوسٹر رکشوں پر لگوانے کی نایاب ویڈیو منظر عام پر آگئی

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 13 مئی 2021 07:36

بھیا رکشے والے میری فلم کا پوسٹر تو لگا دو
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2021ء) کامیابی آسانی سے جھولی میں نہیں گرتی بلکہ اس کے لیے پاپڑ بیلنا پڑتے ہیں۔مگر آج کی نوجوان نسل کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ راتوں رات مشہور اورامیر ہونا چاہتے ہیں۔ دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ وہ اپنا موازنہ اخود سے دس یا بیس سال سینئر شخص کے ساتھ کرنے لگ جاتے ہیں۔مگر ان سینئرز کی محنت اور کارگزاری سے متعلق آگاہ نہیں ہوتے کہ انہوں نے اس مقام تک آنے کے لیے کیا کچھ نہیں کیا۔

اس ضمن میں آج ایک بہترین مثال ہاتھ آئی ہے کہ بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ جنہیں آج ایک بڑی دنیا فالو کرتی اور ان کے اصول کی تقلید میں نظر آتی ہے انہیں یہ مقام پلیٹ میں رکھ کر پیش نہیں ہوا بلکہ انہیں خوب محنت کرنا پڑی ہے۔ اس وقت ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

(جاری ہے)

جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ سڑک پر رکشے والوں کو روک کر اپنی فلم کے پوسٹرز لگانے کی درخواست کررہے ہیں۔

مسٹر پرفیکشنسٹ ماضی میں مسلسل کئی ناکامیوں کے بعد آج بالی وڈ کے سب سے کامیاب اداکار ہیں۔ عامر خان اب کسی بھی فلم کی پیشگی کامیابی کا نام ہیں، ان کی فلمیں ہٹ ہی نہیں بلاک بسٹر ثابت ہوتی ہیں۔بالی وڈ اسٹار کو اس کامیابی سے قبل اپنی فلموں کی تشہیر کیلئے ممبئی کی سڑکوں کی خاک چھاننا پڑی ہے اور اب ایسی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں عامر خان فلم اپنی فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ کی تشہیر کیلئے سڑکوں پر رکشہ والوں کو روک رہے ہیں۔

عامر خان کا ماضی کے ایک انٹرویو کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں عامر خان بتاتے ہیں کہ میں، ساتھی اداکار زتشی اور بہن نزہت گاڑی پر روڈ پر نکلتے تھے اور ٹیکسیوں اور رکشہ والوں کو روکتے تھے، ان کو بولتے تھے کہ فلم کا پوسٹر چپکائیں۔انہوں نے بتایا کہ کچھ لوگ پوسٹر لگا دیتے تھے اور کچھ نہیں لگاتے تھے اور پوچھتے کہ کس کی فلم ہے تو بتاتا تھا کہ عامر خان کی فلم ہے، وہ پوچھتے کہ کون عامر؟ تو بتاتا تھا کہ میں ہوں عامر خان۔خیال رہے کہ فلم قیامت سے قیامت تک 1988 میں ریلیز کی گئی تھی جبکہ اس فلم میں عامر خان کے مدمقابل اداکارہ جوہی چولہ تھیں۔