Live Updates

(ن )لیگ کے کرائے کے ترجمانوں کو عید پر بھی چھٹی نہیں ملی، توہین عدالت کے سرٹیفکیٹ بانٹ رہے ہیں، فرخ حبیب

سپریم کورٹ پر حملہ، پانامہ فیصلے پر مجھے کیوں نکالا کی تحریک چلائی گئی، کہا گیا ججز اور انکے اہلخانہ پر زمین تنگ کردیں گے،توہین عدالت کا لفظ (ن)لیگی رہنمائوں کے منہ سے اچھا نہیں لگتا،40 سالوں سے شریف فیملی کرپشن، لوٹ مار، من لانڈرنگ اور ٹی ٹیز کا سہارا لیتی رہی، اب یہ کھلی چھٹی ختم، لوٹے ہوئے پیسے کا حساب دینا ہوگا،بلاول کی اپنی پہچان صرف پرچی چیئرمین کی ہے اور اس کے علاوہ ان کی کوئی اچیومنٹ نہیں اور جن کی سرپرستی میں 14 ارب روپے کی رقم بلاول ہائوس کے چوہے کھا جائیں وہاں عوام غریب ہی ہوگی، میڈیا سے گفتگو ، بیان اقوام متحدہ اور عالم اقوام دبا ڈال کراسرائیلی جارحیت رکوائیں،وزیر مملکت کی قبلہ اول اور غزہ پر سنگین جارحیت اور بمباری سمیت وحشیانہ حملہ کی پرزور مذمت حکومت بے سہارا،گمشدہ اور نظر انداز یتیم بچوں کا سہا را بنے گی ،تمام شہروں میں سٹریٹ چلڈرنز کیلئے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروز قائم کئے جا ئیں گے ، گفتگو

ہفتہ 15 مئی 2021 11:20

اسلام آباد/فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2021ء) وزیر مملکت برائے ااطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ (ن )لیگ کے کرائے کے ترجمانوں کو عید پر بھی چھٹی نہیں ملی، توہین عدالت کے سرٹیفکیٹ بانٹ رہے ہیں، سپریم کورٹ پر حملہ، پانامہ فیصلے پر مجھے کیوں نکالا کی تحریک چلائی گئی، کہا گیا ججز اور انکے اہلخانہ پر زمین تنگ کردیں گے،توہین عدالت کا لفظ (ن)لیگی رہنمائوں کے منہ سے اچھا نہیں لگتا،40 سالوں سے شریف فیملی کرپشن، لوٹ مار، من لانڈرنگ اور ٹی ٹیز کا سہارا لیتی رہی، اب یہ کھلی چھٹی ختم، لوٹے ہوئے پیسے کا حساب دینا ہوگا،بلاول کی اپنی پہچان صرف پرچی چیئرمین کی ہے اور اس کے علاوہ ان کی کوئی اچیومنٹ نہیں اور جن کی سرپرستی میں 14 ارب روپے کی رقم بلاول ہائوس کے چوہے کھا جائیں وہاں عوام غریب ہی ہوگی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز مریم اورنگزیب کے بیان پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکتِ فرخ حبیب نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تو علاج کے لئے ضمانت دی تھی، وہ ہی عدالت اب طلب کررہی ہے،کیاعدالت کا حکم نہ ماننا توہین عدالت نہیں، نیب آزاد ادارہ ہے، اسکا کام احتساب کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ نیب نے شہباز شریف کے خلاف7 ارب کا دائرریفرنس دائر کیا، نیب نے شہباز شریف کا نام ایک سی ایل میں ڈالنے کا کہا،کابینہ سب کمیٹی کی بھی سفارشات ہیں، قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ40 سالوں سے شریف فیملی کرپشن، لوٹ مار، من لانڈرنگ اور ٹی ٹیز کا سہارا لیتی رہی، اب یہ کھلی چھٹی ختم، لوٹے ہوئے پیسے کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عدلیہ کی آزادی، بحالی کے لئے جدو جہد کی، جیل بھی گئے، آپ لوگ تو گھروں میں چھپے بیٹھے رہے، عمران خان نے اس وقت جب وہ وزیراعظم،وزیراعلی یا وزیر نہیں تھ تب بھی انہوں نے 40 سالہ کمائی کا حساب دیا، 60 دستاویز عدالت میں پیش کی ، آپ کی طرح قطری خط یا جعلی ٹرسٹ ڈیڈ جمع نہیں کرائی۔

وزیر مملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف نے ایک بھی ٹی ٹی کا حساب نہیں دیا، کیسے مان لیں کہ شہباز واپس آئے گئے، نواز شریف، سلمان شہباز، علی عمران، اسحاق ڈار، حسن نواز اور حسیں نواز سمیت پورا خاندان ہی بھگوڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فطرانے کے طعنے دینے والوں نے پوری زندگی یتیموں اور مسکینوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دورہ سعودی سے 1100 پاکستانیوں کی رہائی، اربوں کی سرمایہ کاری اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے لاکھوں مواقع لائے ہیں۔

قبل ازیں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے فیصل آباد میں نماز عید کے بعد میڈیا سے گفتگو میں تمام اہلیان اسلام و پاکستانیوں کو عیدالفطر کی خوشیوں کی مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال بھی دونوں عیدیں کورونا کی عالمی وبا کے دوران آئی تھیں اور اس بار پھر عید ایسے حالات میں آئی ہے کہ جب ہم سب کو کورونا کی تیسری شدید لہر کا سامنا ہے جبکہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا اس موذی مرض کے چنگل میں پھنسی ہوئی ہے اسلئے کوروناکی تیسری شدید لہرکے دوران عید پر کورونا ایس او پیز کو نظر انداز نہ کیا جائے اورشہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وباکو پھیلانے کی بجائے اسے روکنے والے بنیں تاکہ اس کے مزید نقصانات سے بچا جاسکے۔

قبل ازیں حق پارک محمدی چوک ڈی ٹائپ کالونی فیصل آباد میں عیدالفطر کی نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اسرائیل کی جانب سے رمضان کے مقدس مہینہ میں فلسطین میں مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس اور غزہ پر سنگین جارحیت اور بمباری سمیت وحشیانہ حملہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب، انسانیت یا قانون اس قسم کی جارحیت کی اجازت نہیں دیتا جس میں نہ بچوں کو دیکھا جائے نہ خواتین اور بزرگوں کولہذادنیا کو پیغام ہے کہ ایسا دوہرا معیار نہیں چل سکتااسلئے اقوام متحدہ اور عالم اقوام دبا ڈال کراسرائیلی جارحیت رکوائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس ضمن میں سعودی کنگ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ترکی کے صدر طیب اردگان سے تفصیلی بات کرکے انہیں نہ صرف اپنے جذبات اور تشویش سے آگاہ کیا بلکہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت رکوانے کیلئے فیصلہ کن کردار کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف حکومت بلکہ پورا پاکستان فلسطین کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہے اوراس جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں پرزور مذمت کرتا بلکہ دنیا بھر سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس جارحیت کو فوری طور پر روکنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

فرخ حبیب نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی بھی پرزور مذمت کی اور کہا کہ مودی سرکار کو اوچھے ہتھکنڈوں سے روکنے کیلئے اقوام متحدہ کے ساتھ ساتھ عالم اقوام بالخصوص امت مسلمہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عید کا موقع ہے مگرروایات کے برعکس شہباز شریف اس با ر لندن میں سلمان شہباز اور دیگر حواریوں کے ساتھ عید منانے کی بجائے پاکستان میں عید منا رہے ہیں جبکہ ہم عوام کے منہ سے چھینی گئی رقوم اور ٹی ٹیوں سے بننے والی سوئیوں کے مزے لینے اور میٹھا میٹھا ہپ کڑوا کڑوا تھو نہیں کرنے دیں گے اورقومی چوروں و لٹیروں کاپاکستان میں ہی احتساب ہو گااور لوٹا ہوا پیسہ واپس آئے گانیزکسی کو این آر او نہیں دیا جائے گا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ شہباز شریف کو ٹی ٹیوں، منی لانڈرنگ اور فرضی اکانٹس کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی عوام سے کمٹمنٹ ہے کہ کسی کرپٹ ٹولے کو این آر او نہیں ملے گا اور ان کا احتساب اسی ملک میں ہوگا جبکہ لوٹا ہوا پیسہ بھی قومی خزانے میں واپس لایا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا ایک سسٹم ہے جس کے تحت ہم ملزم پکڑ کر ثبوتوں سمیت عدالتوں کو دیتے ہیں اور وہ قانونی کاروائی پوری کرکے انہیں سزائیں دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بھی عدالتوں نے سزا دی اور باقی ٹولے پر بھی کیس چل رہے ہیں جن کے فیصلے عدالتیں ہی کریں گی اور ہم ان فیصلوں کا احترام کریں گے۔فرخ حبیب نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا وزیراعظم عمران خان کو بہت زیادہ احساس ہے اور اس حوالے سے خاص طور پر اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ انہوں نے وزیر خزانہ شوکت ترین کو بھی مہنگائی نیچے لانے کیلئے تمام ممکن اقدامات کا ٹاسک دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں بلکہ 4 ارب روپے کا بوجھ خود برداشت کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مخصوص معاشی و اقتصادی حالات کے باعث مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے حتی کہ خطہ کے دیگر ممالک میں پٹرول کی قیمتیں بھی زیادہ ہیں مگر ہم پھر بھی عوام کو تمام ممکن ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے اورپہلی بار کاشتکاروں کو صرف گندم کی فروخت کی مد میں اضافی 500 ارب روپے اور مجموعی طور پر چاول،آلو ودیگر غذائی اجناس کی مد میں 1100 ارب روپے کی اضافی آمدنی ہوئی۔ فرخ حبیب نے کہا کہ اسی وجہ سے ملک میں ٹریکٹروں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سمیت دیگر زرعی مشینری کی سیل میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کم آمدنی والے لوگوں کو سستے گھر فراہم کرنے کے منصوبہ پر عمل پیرا ہے اور صرف حکومت ہی نہیں بلکہ پرائیویٹ سیکٹر بھی اس شعبہ میں وسیع سرمایہ کاری کررہا ہے جس کے تحت قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی اربوں روپے مالیتی اراضی پر سستے گھر بنا کر کم آمدن والے لوگوں کو فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کو اعلی معیار کی مفت طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں شہریوں کو ہیلتھ کارڈز فراہم کئے جارہے ہیں اور رواں سال کے آخر تک خیبر پختونخواہ کی طرح پنجاب کے تمام شہریوں کو صحت انصاف ہیلتھ کارڈ جاری کردیئے جائیں گے جس پر وہ 10 لاکھ روپے تک کا مفت علاج کرواسکیں گے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ہم مہنگائی کو نیچے لائیں گے جبکہ حکومتی اقدامات کے باعث معاشی انڈیکیٹرز بھی بہتری کی جانب جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد جو گزشتہ ادوار حکومت میں ٹیکسٹائل کا قبرستان بن چکا تھا اور یہاں ٹماٹر مہنگے جبکہ پاورلومز سستی مل رہی تھیں مگر اب حکومتی کوششوں سے ایک بار پھر بند ٹیکسٹائل انڈسٹری چل پڑی ہے اور آنیوالے دنوں میں اس میں مزید بہتری بھی آئے گی۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے آخر میں ایک بار پھر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں تاکہ بعدازاں انہیں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان سمیت ان کے پیاروں کی زندگیاں بھی محفوظ رہ سکیں۔دریں اثناء عیدالفطر کی دوپہر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروملت روڈ فیصل آباد کے دورہ کے دوران وہاں مقیم بچوں میں عید گفٹ تقسیم کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروفیصل آباد کرایہ کی عمارت میں قائم تھا مگر اب اس کی 21 کروڑ روپے کی لاگت سے اپنی بلڈنگ بن گئی ہے جس میں ہوسٹل،میس،سکول اور بچیوں کیلئے الگ قیام و طعام کی سہولت ہوگی نیز حکومت چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروزکا دائرہ کار تمام شہروں تک وسیع کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایسے بچوں جن کے والدین نہیں یا جو بے سہارا اور مختلف وجوہات کی بنا پر نظر انداز شدہ ہیں ان کو سینے سے لگا رہے ہیں تاکہ ریاست ان کا سہارا بن کر ان کے سروں پر شفقت کا ہاتھ رکھتے ہوئے انہیں ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بناسکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دل میں معاشرے کے پسماندہ اور نظر انداز شدہ لوگوں کا بیحد احساس ہے یہی وجہ ہے کہ احساس پروگرام کے تحت 50 ہزار ایسے انڈر گریجوایٹ نوجوانوں کو سکالر شپ دیئے جارہے ہیں جن کے والدین کی انکم 45 ہزار ماہانہ تک ہے اور وہ اس رقم میں اعلی تعلیم حاصل نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح احساس کفالت پروگرام کا دائرہ بھی وسیع کیا جارہا ہے اور مستحقین کی تعداد 4 سے بڑھا کر 7 ملین کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کیلئے پناہ گاہوں کا قیام اور کوئی بھوکا نہ سوئے جیسے پروگرام شروع کرنے کا مقصد انڈر پریویلیج لوگوں کے ساتھ برابری کا سلوک ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کا یہی طرہ امتیاز ہے کہ وہ اپنے عزیز و اقارب کی بجائے عام افراد کو کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ابتدائی طور پرنوجوانوں کو 10 لاکھ تک قرضہ کی فراہمی شروع کی گئی تھی مگر اب نہ صرف اسے بڑھاکر 2 سے 5 کروڑ کیا جا رہا ہے بلکہ اس کی شرائط بھی نرم کی جارہی ہیں تاکہ اچھوتے آئیڈیاز رکھنے والے نوجوان اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ کم آمدن والے لوگ جن کی صرف پنجاب میں تعداد 68 فیصد ہے مگر ان کیلئے صرف 1 فیصد گھر ہوتے تھے ان کیلئے نہ صرف حکومتی سطح پر گھروں کی تعمیر شروع کی جارہی ہے بلکہ کنسٹرکشن سیکٹرکو انڈسٹری کا درجہ دینے اور اس میں نجی شعبہ کو شامل کرنے سے سیمنٹ کی سیل میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے اسی طرح لارج سکیل مینو فیکچرنگ ساڑھے 7 فیصد اور برآمدات بھی کئی فیصد بڑھ گئیں۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہیلتھ کارڈز کا اجرا ریاست مدینہ کے تصور کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے جس کے باعث اب کوئی غریب علاج معالجہ کیلئے پیسے نہ ہونے پر موت کے منہ میں نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو بڑے بڑے چیلنجز درپیش تھے مگر عمران خان نے بھرپور کمٹمنٹ کا مظاہرہ کیا اور اب ان کی تمام کمٹمنٹ احتساب کیلئے ہے تاہم حکومت تمام جماعتوں سے قومی سطح کے ایشوز،قانون سازی اور اصلاحات پر بات کرنے کو تیار ہے مگر حکومت کو بلیک میل نہیں کیا جاسکتا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف پہلے لندن سے کورونا سے نمٹنے کیلئے آئے تھے مگر اب دوبارہ لندن بھاگنے کی کوششوں میں ہیں جس میں انہیں کامیابی نہیں ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسی مضحکہ خیزی ہے کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ لندن میں کورونا کے باعث ان کا علاج نہیں ہوپا رہا جبکہ شہباز شریف پھر بھی اپنے علاج کیلئے لندن جا نا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی گارنٹی تو شہباز شریف نے دی مگر وہ واپس نہ آئے اب شہباز شریف کی گارنٹی کون دے سکتا ہے کہ وہ گئے تو واپس آجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی ترجیحات عوام نہیں بلکہ لوٹا پیسہ اور اپنا خاندان بچانا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول کی اپنی پہچان صرف پرچی چیئرمین کی ہے اور اس کے علاوہ ان کی کوئی اچیومنٹ نہیں اور جن کی سرپرستی میں 14 ارب روپے کی رقم بلاول ہائوس کے چوہے کھا جائیں وہاں عوام غریب ہی ہوگی اور عمران خان کو احساس کفالت پروگرام کے تحت سب سے زیادہ رقم سندھ کو اسی لئے دینا پڑی کہ وہاں عوام میں بہت زیادہ غربت تھی۔

فرخ حبیب نے کہا کہ سعودیہ سے خیرات کے طعنے دینے والوں کو 11 سو پاکستانیوں کی رہائی، ملین آف ڈالرز کی سرمایہ کاری اور روزگار کے معاہدے نظر نہیں آتے جبکہ سب سے زیادہ خیرات سعودیہ نے شریف خاندان کو دی۔انہوں نے کہا کہ جن کو عمران خان فوبیا ہے ہمیں ان کی تنقید کی کوئی پرواہ نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب فضل الرحمن کا ایزی لوڈ بنداورانہیں باورچی و کنٹینر دینے والے بھاگ گئے ہیں لہذا وہ میٹھی عید کے موقع پر سویاں اور حلوہ کھائیں اور اپنا غم غلط کریں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں جبکہ پارلیمنٹرینز کی اکثریت ان کے ساتھ ہے اسلئے حکومت عوامی ریلیف سے بھرپور بجٹ پیش بھی کرے گی اور پاس بھی کروائے گی۔انہوں نے فیصل آباد سمیت تمام شہروں میں صحافی کالونیوں کے قیام اور پاکستان ہائوسنگ پراجیکٹ کی سکیموں میں ان کا کوٹہ مخصوص کروانے کا بھی یقین دلایا۔دریں اثناء وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے لاری اڈا فیصل آبادمیں واقع پناہ گاہ کا دورہ کیا اور وہاں انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لینے علاوہ مسافروں کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔

میڈیا کے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پاکستان کوحقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہے اور اس سلسلے میں غریب عوام کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پناہ گاہوں کے قیام کا سلسلہ شروع کیا جس سے مسافروں اور سڑکوں پر سونے والے افراد کو نہ صرف آرام دہ سہولت میسر آئی بلکہ انہوں یہاں مفت کھانا بھی مہیا کیا جاتاہے اور اب اس عوامی بہبود کے منصوبے کا دائرہ کار پورے ملک میں بڑھایا جارہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے لوگوں کے معیار زندگی کوبلند کرنے کیلئے کئی منصوبے شروع کر رکھے ہیں تاکہ غریب لوگ بھی پاکستان میں باعزت زندگی گزارسکیں اوراب عوام کو بھی اس بات کا انداز ہوگیاکہ پی ٹی آئی حکومت ان کے مسائل کو بخوبی سمجھتی ہے اور ان کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر/ایڈمنسٹریٹر پناہ گاہ عمر مقبول نے وزیر مملکت کو بریفنگ دی اور بتایا کہ ماہ رمضان المبارک میں پناہ گاہ میں نماز تراویح کے اندر ختم قرآن کا اہتمام کرنے کے علاوہ یہاں آنے والے حضرات کو سحری اور افطاری بھی فراہم کی گئی۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات