عید اور چھٹی والے دن بھی شہباز شریف عمران صاحب کے اعصاب پر سوار رہے‘ مریم اورنگزیب

عدالت کا حکم ماننے سے دانستہ انکار عدالت کی توہین ہی نہیں عدلیہ کے ادارے پر حملہ ہے‘مرکزی سیکرٹری اطلاعات (ن) لیگ

ہفتہ 15 مئی 2021 13:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2021ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عید اور چھٹی والے دن بھی شہباز شریف عمران صاحب کے اعصاب پر سوار رہے،عمران صاحب کو عید والے دن بھی غریب، بیروز گار عوام کی فکر نہیں تھی بلکہ دفتر کھلوا کہ شہباز شریف کو ای سی ایل پر ڈالا گیا ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دوست ممالک سرمایہ کاری نہیں بلکہ فطرانہ ، زکوة ، خیرات اور چاولوں کی بوریاں دے رہے ہیں تو اس میں شہباز شریف کا کیا قصور ہے ،عمران صاحب کو عید کے چھٹی والے دن عوام کے مہنگے آٹا چینی بجلی گیس دوائی کی فکر نہیں ہوئی صرف شہباز شریف کو ای سی ایل پر ڈالنے کی ہدایت جاری کی ،عید کی چھٹی والے دن آٹا ، چینی ، بجلی ، گیس ، دوائی سستی کرنے کی ہدایت نہیں دی، صرف شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا ،کاش آپ عید والے دن عوام کو اپنے استعفے کی خوش خبری سناتے ،کاش عوام سے معافی مانگتے اور آٹا ، چینی ، بجلی ، گیس دوائی چوری کا اعتراف کرتے ،چینی بجلی گیس آٹا دوائی مافیا، کارٹلز اور کمیشن خوروں کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ،14000 ارب کا قرض لوٹنے والوں کو ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت کرتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید کی چھٹی والے دن وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے 450 ارب کی چینی ، 250 ارب کا آٹا اور 122 ارب کی ایل این جی چوری کرنے والوں کا نام تو ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت نہیں کی ،35 روپے کا آٹا 90 روپے کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم تو نہیں دیا ،52 روپیہ کی چینی 120 روپے کلو کرنے والوں کو تو ای سی ایل پرڈالنے کا حکم نہیں دیا ۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی ہے اور عمران صاحب جان بوجھ کر توہین عدالت کر رہے ہیں،عدالت کا حکم ماننے سے دانستہ انکار عدالت کی توہین ہی نہیں عدلیہ کے ادارے پر حملہ ہے ،شہباز شریف صاحب بڑی خوشیوں سے عوام، اپنے بچوں اور اہل خانہ کے ساتھ عید منا ئی آپ کے بغض ، حسد اور خوف کی کیفیت دیکھ کر اللہ تعالی سے دعا ہی کی جا سکتی ہے۔