شہبازشریف عیداور چھٹی والے دن بھی عمران خان کے اعصاب پر طاری ہیں، ن لیگ

عدالت نے شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی ہے، عمران خان جان بوجھ کر توہین عدالت کر رہے ہیں، مریم اور نگزیب

ہفتہ 15 مئی 2021 15:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2021ء) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے عید کی چھٹی والے دن کابینہ کی سرکولیشن کے ذریعے پارٹی کے صدر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی خبر پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہبازشریف عیداور چھٹی والے دن بھی عمران خان کے اعصاب پر طاری ہیں۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ دوست ممالک سرمایہ کاری نہیں بلکہ فطرانہ، زکواة، خیرات اور چاولوں کی بوریاں دے رہے ہیں، اِس میں شہباز شریف کا کیا قصور ہی انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عید والے دن آٹا، چینی، بجلی، گیس اور دوائی سستی کرنے کی ہدایت نہیں دی، صرف شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا، کاش چینی، بجلی، گیس،آٹا، دوائی مافیا، کارٹلز اور کمیشن خوروں کوگرفتار کرنے کا حکم دیتے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ 14000 ارب کا قرض لوٹنے والوں، 450 ارب کی چینی، 250 ارب کا آٹا، 122 ارب کی ایل این جی چوری کرنے والوں کانام تو ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت نہیں کی۔ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی ہے، عمران خان جان بوجھ کر توہین عدالت کر رہے ہیں، عدالت کاحکم ماننے سے دانستہ انکار عدالت کی توہین ہی نہیں بلکہ عدلیہ کے ادارے پر حملہ ہے۔ ترجمان ن لیگ نے کہا کہ شہبازشریف بڑی خوشی سیعوام، اپنے بچوں اور اہلِخانہ کے ساتھ عید منارہے ہیں، آپ کیاِس بغض، حسد، خوف کی کیفیت دیکھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا ہی کی جا سکتی ہے۔