ش*شاہ محمود قریشی کا افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ

ٴْفلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ،اسرائیلی مظالم پر گہری تشویش اور دکھ کا اظہار پاکستان پرامن وخوشحال افغانستان کیلیے عالمی کاوشوں کی معاونت جاری رکھے گا، وزیر خارجہ

ہفتہ 15 مئی 2021 15:55

l اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2021ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، پرامن، خودمختار، متحد، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے قیام کیلئے کی جانے والی عالمی کاوشوں کی معاونت جاری رکھے گا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دو طرفہ تعلقات ،افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی جانب سے مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور فلسطینی مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر گہری تشویش اور دکھ کا اظہار کیا. دونوں وزرائے خارجہ کا فلسطین کے معاملے پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں، افغانستان میں گزشتہ چالیس برس سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کیلئے ایک نادر موقع موجود ہے، افغان جماعتوں کے مابین عید الفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی معاہدہ قابلِ ستائش ہے، پاکستان، افغانستان میں مستقل قیام امن کیلئے، تمام افغان جماعتوں سے پر تشدد واقعات میں کمی کا متقاضی ہے جب کہ بین الافغان مذاکرات کی کامیابی سے ، افغانستان میں جامع اور دیرپا امن کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔

وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژکرنے کے متمنی عناصر ’’ سپائیلرز’’ کے کردار پر بھی نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، پرامن، خودمختار، متحد، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے قیام کیلئے کی جانے والی عالمی کاوشوں کی معاونت جاری رکھے گا۔