عالمی سطح پر زکوٰة حاصل کرکے ساتویں ایٹمی طاقت کی توہین کی گئی ہے، احسن اقبال

میاں جاوید لطیف کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے،جبر اور ظلم کی حکومت زیادہ دیر نہیں چلے گی،لیگی رہنما کی جاوید لطیف کی رہائش گاہ پر آمد ،اہلِ خانہ سے اظہار یکجہتی

ہفتہ 15 مئی 2021 17:55

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2021ء) مسلم لیگ (ن )کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہاہے کہ عالمی سطح پر زکوٰة حاصل کرکے ساتویں ایٹمی طاقت کی توہین کی گئی ہے۔احسن اقبال نے شیخوپورہ میں مسلم لیگ ن کے گرفتار ایم این اے میاں جاوید لطیف کی رہائش گاہ پر جا کر اہلِ خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوںنے کہاکہ میاں جاوید لطیف کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے،جبر اور ظلم کی حکومت زیادہ دیر نہیں چلے گی ،یہ حکومت قومی اداروں پر حملہ آور ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے پاس شہباز شریف کو روکنے کا کوئی جواز نہیں ، عدالتی فیصلوں کی بے توقیری ہو رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں کو بھی اہمیت نہیں دے رہی، حکومت ڈکٹیٹر شپ قائم کرنا چاہتی ہے، پاکستان کو اس سے آزاد کرائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہمارے دور میں ترقی کی شرح 5 اعشاریہ 8 فیصد تھی، اب زکوة اور فطرانے سے ترقی بنائی جا رہی ہے، عالمی سطح پر زکوٰة حاصل کرکے ساتویں ایٹمی طاقت کی توہین کی گئی، پاکستان خوددار اور باوقار ریاست ہے، زکوة و فطرانے کی تشہیر کرکے مذاق بنایا گیا۔احسن اقبال نے کہا کہ پگڑیاں اچھالنا اور چندہ خیرات اکٹھا کرنا حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے،عطیے کی ویکسین کا سہارا لیکر قوم کو کورونا کے رحم کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔