تھانہ نصیر آباد کے علاقہ میں پولیس کانسٹیبل کی فائرنگ سے ایک شخص قتل، پولیس کانسٹیبل کوساتھی سمیت زیر حراست لے لیا گیا

قانون کو ہاتھ میں لینے والا کوئی بھی ہو اس کے خلاف بلا تفریق کاروائی کی جائے گی،سی پی او محمد احسن یونس

ہفتہ 15 مئی 2021 19:05

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2021ء) تھانہ نصیر آباد کے علاقہ میں پولیس کانسٹیبل کی فائرنگ سے ایک شخص قتل،سی پی او محمد احسن یونس کا نوٹس، پولیس کانسٹیبل کوساتھی سمیت زیر حراست لے لیا گیا،مقدمہ درج۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق واقعہ کی اطلاع پر سٹی پولیس آفیسر محمد احسن یونس نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنزشعیب محمود، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد فیصل، ایس پی پوٹھوہارسیدعلی، ایس ڈی پی او کینٹ کو موقعہ پرپہنچنے کی ہدایت کی،نصیر آباد پولیس نے کانسٹیبل نعیم اور ساتھی منان کو حراست میں لے لیاگیا،کانسٹیبل نعیم آف ڈیوٹی تھا اور اپنے دوست کے ہمراہ حسین آباد گیا تھا،مقتول کے بھائی مدعی مقدمہ نے بتایاکہ میرا بھائی نوشیر مزدوری کرتا تھا اور ہیروئین کا عادی تھا،کانسٹیبل نعیم اور اس کے ساتھی کا اظہار منشیات فروش سے جھگڑا ہوا، دونوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی،میرا بھائی اظہار منشیات فروش کے ساتھ تھا، کانسٹیبل نعیم نے میرے بھائی پر فائر کیے جو جانبحق ہو گیا، مقتول کے بھائی شیر خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیاگیا،کانسٹیبل نعیم نے پولیس کو بیان دیا کہ مذکورہ مقام پر چند روز قبل منشیات کے استعمال کی شکایت موصول ہوئی تھی جس کی ریکی کرنے گیا تھا،تاہم ریکی کے حوالے سے کانسٹیبل نعیم کی تھانے سے روانگی کے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے جس پر اسے حراست میں لیا گیا ہے،میرٹ پر تفتیش کرتے ہوئے ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا،سی پی اومحمد احسن یونس کاکہناتھاکہ قانون کو ہاتھ میں لینے والا کوئی بھی ہو اس کے خلاف بلا تفریق کاروائی کی جائے گی،راولپنڈی پولیس خود احتسابی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جسے ہرصورت یقینی بنایاجارہاہے۔