پاکستان کی پہلی منتخب پہلی خاتون رکن قومی اسمبلی نسیم ولی خان انتقال کرگئیں

عوامی نیشنل پارٹی میں مختلف عہدوں پر فائزرہیں‘وہ طویل عرصے سے شوگر اور دل کے عارضے میں مبتلا تھیں .اے این پی کا ٹوئٹرپر پیغام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 16 مئی 2021 12:06

پاکستان کی پہلی منتخب پہلی خاتون رکن قومی اسمبلی نسیم ولی خان انتقال ..
چارسدہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 16 مئی ۔2021ء) خان عبدالولی خان کی بیوہ اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں ٹوئٹر پر ایک پیغام میں اے این پی کی جانب سے ان کی وفات کی اطلاع دی گئی ہے. پاکستان کی تاریخ میں بیگم نسیم ولی خان قومی اسمبلی کی نشست پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں وہ طویل عرصے سے شوگر اور دل کے عارضے میں مبتلا تھیں بیگم نسیم ولی خان 24 جنوری 1936 کو خدائی خدمتگار تحریک کے اہم رکن اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امیرحیدر خان ہوتی کے دادا امیرمحمد خان ہوتی کے ہاں مردان ہوتی میں پیدا ہوئیں وہ خان عبدالولی خان کی دوسری اہلیہ تھیں.

(جاری ہے)

انہوں نے 1977 کے عام انتخابات میں 8 جماعتوں پر مشتمل پاکستان قومی اتحاد کے ٹکٹ پر ایوانِ زیریں کے 2 حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم اتحاد کی جانب سے انتخابی عمل کے بائیکاٹ کے سبب وہ اپنی رکنیت کا حلف اٹھانے سے محروم رہیں تھیں . بیگم نسیم ولی خان نے 1975 میں میدان سیاست میں قدم رکھا اور 1977 کے عام انتخابات میں چارسدہ اور مردان کے قومی اسمبلی (این اے 4 اور این اے 8) کے حلقوں پر بیک وقت رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئیں، اور صوبہ خیبر پختون خوا سے منتخب ہونے والی پہلی خاتون سیاست دان بنیں، وہ ایک بار رکن قومی اسمبلی، 3 بار رکن صوبائی اسمبلی رہ چکی ہیں، اور 1994 میں پہلی باراور 1998 میں دوسری بار عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کی صدر منتخب ہوئیں.