Live Updates

ْپی ڈی ایم مردہ گھوڑا ، اپوزیشن توانائیاں ضائع کرنے کی بجائے مثبت سر گرمیاں کرے 'ہمایوں اختر خان

اپوزیشن کو ادراک ہو گیا اس نے بلا جواز تحریک شروع کی تھی اور اسے اس کا نتیجہ بھی بھگتنا پڑا ' سینئر مرکز ی رہنما

اتوار 16 مئی 2021 13:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم مردہ گھوڑا ہے اس لئے اپوزیشن اس میں جان ڈالنے کے لئے توانائیاں ضائع کرنے کی بجائے اپنی سیاست کو بچانے کے لئے مثبت سر گرمیاں کرے ، اپوزیشن کو ادراک ہو گیا ہے کہ اس نے حکومت کے خلاف بلا جواز تحریک شروع کی تھ جس کا اسے سیاسی طو رپر خمیازہ بھی بھگتنا پڑا ہے ، حکومت کورونا ویکسی نیشن کے عمل میں مزید تیزی لارہی ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ایسامیکرو اکنامک استحکام اورگروتھ پالیسی چاہتی ہے تاکہ پاکستان کو آئندہ عالمی مالیاتی اداروں کے پاس نہ جانا پڑے ۔موجودہ حکومت کے دور میں برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے ، ترسیلات زر میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ، لارج اسکیل مینو فیکچرننگ میں گروتھ ہو رہی ہے جس سے روزگار کے مواقع اور ٹیکسز جمع ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک عروج تو نہیں دیکھ سکی البتہ عوام نے زوال کو اپنی آنکھوں سے ضرور دیکھا ہے ۔ثابت ہوگیا ہے کہ اپوزیشن نے حکومت کے خلاف بلا جواز تحریک شروع کی تھی ۔ ہمایوںاختر خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کبھی ڈائیلاگ سے انکار نہیں کیا لیکن جس طرح اپوزیشن نے نیب قانون کے معاملے پر اپنے مفادات کاپلندہ سامنے رکھ دیا تھا اس طرح کی شرائط پر ہرگز مذاکرات ہوں گے اورنہ اپوزیشن اس کی توقع رکھے ۔ ہمیں شکست خوردہ اورعوام کی مسترد شدہ اپوزیشن سے کسی سر ٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ،انشا اللہ ہم پانچ سال بعد عوام کی عدالت میں جائیں گے تو سر خرو ہوں گے اور عوام ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کیلئے دوبارہ تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے حکومت میں لائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات