وزیر اعلیٰ جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی و ترقی کے لئے تیز تر اقدامات اٹھائے ہوئے ہیں‘رفاقت گیلانی

غریب عوام کی فلاح کے لئے ضلع میں 8اور تونسہ میں 3لنگرخانوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا‘سیاسی معاون وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 16 مئی 2021 14:50

․لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون خصوصی سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی و ترقی کے لئے تیز تر اقدامات اٹھائے ہوئے ہے،اس سلسلہ میںوزیر اعلیٰ کی ہدایت پر تحصیل کوہ سلیمان اور تحصیل تونسہ میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اربوں روپے کے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں گے۔

اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون خصوصی سید رفاقت علی گیلانی نے کہاکہ حکومت نے تونسہ میں ایک ارب 20 کروڑ روپے کے 18 عوامی منصوبے شروع کر رہی ہے۔ تونسہ یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس پر تقریباً 2 ارب روپے لاگت آئے گی۔ 58کروڑ روپے کی لاگت سے سنگھڑپل کا منصوبہ منظور ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

لالو دائرہ شاہ بند کا پر11ارب روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ 62کروڑ روپے کی لاگت سے تونسہ شہر میں سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا جائے گااورتونسہ شہر میں ٹف ٹائلز لگائی جائیں گی۔ شادن لنڈ کے علاقے میں نئی سیمنٹ فیکٹری لگے گی۔منگروٹھہ سے ساکردورویہ سڑک کی منظوری دے دی گئی ہے جس پر37کروڑ روپے لاگت آئے گی۔24کروڑ روپے کی لاگت سے لائیوسٹاک فارم بنایا جائے گا۔

تونسہ میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام جلد مکمل کرایا جارہا ہے۔ بجلی کی فراہمی کی107 مختلف سکیموں کو دو ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ شورکوٹ ،لیہ،تونسہ،چوکی والا،بارتھی ،چھپر بلوچستان روڈ کے منصوبے کا حکومت جائزہ لے رہی ہے۔جس پر لاگت کا تخمینہ 29ارب روپے لگایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بارتھی میں 132کلو واٹ کے گرڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جارہاہے ۔

انڈس ہائی وے رمک تاکشمور روڈ کی بحالی اور تونسہ میں لائبریری کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔تونسہ شہر کی تزئین وآرائش کے ساتھ پڑاؤ کی 43کنال زمین فلاح وبہبود کے لئے مختص کر دی ہے۔غریب عوام کی فلاح کے لئے ضلع میں 8اور تونسہ میں 3لنگرخانوں کا قیام عمل میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ڈی جی خان میں پولیس، محکمہ تعلیم و صحت، محکمہ لائیوسٹاک اور سوشل ویلفیئر سمیت دیگر اداروں میں آسامیوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔

انہو ںنے کہا کہ وہوا جیسے علاقے کو ماضی میں بری طرح نظرانداز کیا گیا جس کے باعث وہوا میں لوگ بنیادی سہولتوں سے محروم رہے۔وہوا کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کیلئے پہلی بار ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی یکساں پالیسی کے تحت دور دراز کے علاقوں تک سہولتیں پہنچانا ہمارا مشن ہے۔بارتھی اورفاضلہ میں جدید نادراسنٹر ز کا قیام عمل میں لایا جارہاہے ۔پنجاب بھر میں قانونگوئی کی سطح پر پر اراضی ریکارڈ سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پہلی بار ترقی کا سفر پسماندہ ترین علاقوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔