اسرائیلی جارحیت کے خلاف 21 مئی کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

فلسطین میں روزانہ انسانی المیے جنم لے رہے ہیں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے امریکی ویورپی علمبردار بہرے اور گونگے بنے ہوئے ہیں، امت مسلمہ کو مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑے ہو نا چاہیے جب کہ مسلم حکمرانوں کو بیانات اور ٹویٹ سے آگے بڑھنا ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 16 مئی 2021 14:59

اسرائیلی جارحیت کے خلاف 21 مئی کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 مئی 2021ء ) اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعہ 21 مئی کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق احتجاج کا اعلان جماعت اسلام کے امیر سراج الحق کی جانب سے کیا گیا ، اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فلسطین میں روزانہ انسانی المیے جنم لے رہے ہیں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے امریکی ویورپی علمبردار بہرے اور گونگے بنے ہوئے ہیں، امت مسلمہ کو مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑے ہو نا چاہیے جب کہ مسلم حکمرانوں کو بیانات اور ٹویٹ سے آگے بڑھنا ہوگا، مسلم ممالک غزہ کے شہریوں کی جان و مال اورعزت و آبرو کے تحفظ کے لیے لائحہ عمل مرتب کریں۔

خیال رہے کہ ظالم اسرائیل کے غزہ پر بدترین حملے جاری ہیں، 41 بچوں سمیت شہدا کی تعداد 154 ہو گئی ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے ، تاہم عالمی حکمرانوں کی بات چیت، امن کے مطالبات کام نہ آئے، دہشت گرد ریاست اسرائیل کے غزہ پر حملے جاری ہیں ، صیہونی فورسز کے ایک اور حملے میں مزید 13 فلسطینی شہید ہو گئے، متعدد زخمی بھی ہوئے۔

(جاری ہے)

اسرائیل نے دیگر کئی میڈیا دفاتر سمیت عرب ٹی وی الجزیرہ کے دفتر کو تباہ کر دیا، الجلا ٹاور میں الجزیرہ ٹی وی اور امریکی خبر ایجنسی اے پی سمیت متعدد میڈیا ہاؤسز کے دفاتر تھے، اسرائیلی وزیراعظم نے ڈھٹائی سے کہا ہے بمباری اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ضرورت ہو گی ، مغربی کنارے میں بیت اللحم سمیت کئی شہروں میں فلسطینیوں نے مظاہرے کئے، مظاہرین پر اسرائیلی فورسز نے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا ، صیہونی فورسز نے نوجوانوں پر فائرنگ کر دی، متعدد افراد زخمی ہو گئے، اسرائیلی فوجیوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بھی دھکے دیئے ، مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔