مسیحی برادری کے پیشوا پوپ فرانسس بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف بول پڑے

بچوں سمیت بے گناہ لوگوں کی اموات ناقابل قبول ہیں ، مجھے ڈر ہے کہ یہ نفرت اور انتقام کہاں لے جائے گا؟ پوپ فرانسس کا اسرائیل سےغزہ میں لڑائی کے خاتمے کا مطالبہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 16 مئی 2021 16:10

مسیحی برادری کے پیشوا پوپ فرانسس بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف بول پڑے
ویٹی کن سٹی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 مئی 2021ء ) مسیحی برادری کے پیشواپوپ فرانسس بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف بول پڑے۔ تفصیلات کے مطابق ظالم اسرائیل کے غزہ پر بدترین حملے جاری ہیں، 41 بچوں سمیت شہدا کی تعداد 154 ہو گئی ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے ، تاہم عالمی حکمرانوں کی بات چیت اور امن کے مطالبات بھی کام نہ آئے ، دہشت گرد ریاست اسرائیل کے غزہ پر حملے جاری ہیں ، صیہونی فورسز کے ایک اور حملے میں مزید 13 فلسطینی شہید ہو گئے، متعدد زخمی بھی ہوئے۔

فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف مسیحی برادری کے پیشوا پوپ فرانسس کا ردعمل بھی سامنے آیا پے ، اپنے ایک بیان میں پوپ فرانسس نے اسرائیل سے غزہ میں لڑائی کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں سمیت بے گناہ لوگوں کی اموات ناقابل قبول ہیں ، مجھے ڈر ہے کہ یہ نفرت اور انتقام کہاں لے جائے گا؟۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے برطانوی وزیراعظم کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے ، بورس جانسن نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین تنازعہ کی شدت کو بڑھانے سے پیچھے ہٹ جائیں ، قریقین تحمل کا مظاہرہ کریں، برطانیہ کو تشدد اور شہری ہلاکتوں پر گہری تشویش ہے ، چاہتے ہیں کشیدہ صورت حال جلد ختم ہو جائے۔

دوسری طرف اسرائیل نے دیگر کئی میڈیا دفاتر سمیت عرب ٹی وی الجزیرہ کے دفتر کو تباہ کر دیا، الجلا ٹاور میں الجزیرہ ٹی وی اور امریکی خبر ایجنسی اے پی سمیت متعدد میڈیا ہاؤسز کے دفاتر تھے، اسرائیلی وزیراعظم نے ڈھٹائی سے کہا ہے بمباری اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ضرورت ہو گی ، مغربی کنارے میں بیت اللحم سمیت کئی شہروں میں فلسطینیوں نے مظاہرے کئے، مظاہرین پر اسرائیلی فورسز نے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا ، صیہونی فورسز نے نوجوانوں پر فائرنگ کر دی، متعدد افراد زخمی ہو گئے، اسرائیلی فوجیوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بھی دھکے دیئے ، مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔

اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعہ 21 مئی کو پاکستان میں بھی احتجاج کا اعلان کر دیا گیا ، احتجاج کا اعلان جماعت اسلام کے امیر سراج الحق کی جانب سے کیا گیا ، اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فلسطین میں روزانہ انسانی المیے جنم لے رہے ہیں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے امریکی ویورپی علمبردار بہرے اور گونگے بنے ہوئے ہیں، امت مسلمہ کو مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑے ہو نا چاہیے جب کہ مسلم حکمرانوں کو بیانات اور ٹویٹ سے آگے بڑھنا ہوگا، مسلم ممالک غزہ کے شہریوں کی جان و مال اورعزت و آبرو کے تحفظ کے لیے لائحہ عمل مرتب کریں۔