ْمقبوضہ کشمیر،حریت رہنمائوں کی شہید اشرف صحرائی کے بیٹوں ، رشتہ داروں کی گرفتاری کی مذمت

بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کیلئے تمام ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے لیکن مذموم منصوبے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا،تحریک وحدت اسلامی

اتوار 16 مئی 2021 17:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2021ء) بھارت کے غیر قا نونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے شہید سینئر رہنما محمد اشرف صحرائی کے دو بیٹوں ، رشتہ داروں اور مقبوضہ علاقے بھر میں بڑی تعداد میںنوجوانوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے محمد اشرف صحرائی کے بیٹوں مجاہد اشرف اور راشداشرف کو سرینگر کے علاقے برزلہ بلبل باغ سے ہفتے کی شام کو گرفتار کرلیا۔

تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں اشرف صحرائی شہید کے بیٹوں ، معروف حریت رہنما مولانا سرجان برکاتی اور دیگر حریت کارکنوں کی گرفتاری کو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں ہر آواز خاموش کی جا رہی ہے اور اختلاف رائے کچلا جا رہا ہے ۔ ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے ایک بیان میں شہید اشرف صحرائی کے بیٹوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوںکی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا۔

انہوں نے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور عام نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔جموںوکشمیر ماس موومنٹ کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ شہید اشرف صحرائی کے بیٹوں سمیت مقبوضہ علاقے میں گرفتاری کی تازہ لہرقابض انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کا ثبو ت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت مزاحمتی رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری سے تحریک آزادی کشمیر کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔

جموںوکشمیر مسلم کانفرنس نے سرینگر میں اپنے بیان میں بھارتی پولیس کی طرف سے اشرف صحرائی شہید کے دو بیٹوں اور دیگر کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میںجبر و استبداد کی تمام حدیں پار کر لی ہیں ۔ا نہوںنے اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کریں۔

جموںوکشمیر ایمپلائیز موومنٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں مجاہد اشرف اور راشد اشرف سمیت حریت کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت تحریک آزادی کو دبانے کیلئے تمام تر ہتھکنڈے آزما رہاہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبے میں بری طرح سے ناکام ہو گا۔جموںوکشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ کے جنر ل سیکرٹری ڈاکٹر مصعب نے ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے شہید رہنما محمد اشرف صحرائی کے بیٹوں اور دیگر رشتہ داروں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ بلا جواز اور غیر قانونی گرفتاریوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کامیاب ہو گی۔

جموںوکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں شہید اشرف صحرائی کے دو بیٹوں اور درجنوں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں بھارت اور اسرائیل کی طرف سے جاری جارحانہ کارروائیوں کا سنجیدہ نوٹس لے۔

اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے ایک بیان میں محمد اشرف صحرائی شہید کے بیٹوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کو حق پر مبنی اپنی جدوجہد جاری رکھنے سے ہرگز نہیں روک سکتا۔ تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان شاہد علی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں شہید اشرف صحرائی کے دو بیٹوں اور دیگر رشتہ داروں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت حق پر مبنی کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کیلئے تمام ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ کشمیری حق خود ارادیت کے حصول کے لئے اپنی جدوجہد کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے اور بھارت کے آگے کبھی سرنگوں نہیں ہونگے ۔دریں اثنا میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم کی آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر سید فیض نقشبندی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں مجاہد اشرف اور راشد اشرف سمیت بیسیوں کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں نولاکھ کے قریب بھارتی فورسز اہلکاروں کی تعیناتی سے خطے کے امن وسلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوچکے ہیں ۔ پاسبان حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے مظفرا ٓباد میں ایک بیان میں کہا کہ محمد اشرف صحرائی کے دو بیٹوں اور پچاس سے زائد کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔