جمعے کو نماز عید کی امامت کرانے پر امام مساجد کیخلاف مقدمات درج

حکومت کا جمعے کو نماز عید کی امامت کرانے والے اماموں کے خلاف کریک ڈاون، 3 امام مساجد کیخلاف مقدمات درج کر لیا گیا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 16 مئی 2021 18:47

جمعے کو نماز عید کی امامت کرانے پر امام مساجد کیخلاف مقدمات درج
وہاڑی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 مئی 2021ء ) حکومت کا جمعے کو نماز عید کی امامت کرانے والے اماموں کے خلاف کریک ڈاون، 3 امام مساجد کیخلاف مقدمات درج کر لیا گیا- تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی میں جمعے کو نماز عید کی امامت کرانے امام مساجد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔ پولیس کے مطابق جمعے کو نماز عید کی امامت کرانے پر3 امام مساجد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ مقدمات پنجاب مینٹینینس آف پبلک آرڈر آرڈیننس کے تحت درج کیے گئے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں جمعرات کو عید منائی گئی تھی تاہم تینوں مساجد کے پیش اماموں نے ایک روز بعد عیدمنائی تھی۔ واضح رہے کہ پاکستان میں اسلامی مہینوں کے آغاز کا تعین کرنے کی ذمہ دار مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے بدھ کی رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے غیر متوقع طور پر ملک بھر میں جمعرات کو عید الفطر منائے جانے کا اعلان کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

بدھ کی شام کو ماہِ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرِ صدارت ہوا۔ کمیٹی نے اعلان کیا کہ اسے قابلِ اعتبار شہادتیں موصول ہوئی ہیں جس کی بنا پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ جمعرات 13 مئی کو ملک میں عید الفطر منائی جائے گی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے سابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے بدھ کی رات تقریباً نو بجے ٹویٹ کی تھی کہ پاکستان میں آج چاند نظر آنا ممکن نہیں۔

اُنھوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ جن لوگوں نے عید سعودیہ کے ساتھ منانی ہے یہ اُن کا آپشن ہے۔ چوہدری فواد اس سے قبل نو مئی کو بھی یہ کہہ چکے تھے کہ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے بنائے گئے کیلنڈر اور رویت ایپ کے مطابق چاند 13 مئی کو نظر آ پائے گا اور عید 14 مئی کو ہو گی تاہم رویتِ ہلال کمیٹی نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے موصول ہونے والی شہادتوں کو بنیاد بنا کر عید الفطر کا فیصلہ کیا۔

عید کے اعلان کے بعد وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ایک عید کا ’تحفہ‘ دیا ہے۔ واضح رہے کہ پشاور کی مسجد قاسم علی خان جو ہر سال ایک دن پہلے رمضان کے آغاز اور عید الفطر منانے کے حوالے سے خبروں میں رہتی ہے،نے جمعرات کو عید الفطر منانے کا اعلان کیا تھا۔